چوہان بانگر جیسے علاقے میں چودھری زبیر احمد نے اعلیٰ معیاری لائبریری کھول کر بڑا کام کیا: جگدیش ٹائٹلر

جگدیش ٹائٹلر نے کہا کہ کانگریس ملک و ملت کی ترقی کے لیے ہمیشہ کام کرتی رہی ہے، آئندہ انتخابات میں بھی عوام ساتھ دے گی تو ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والوں کے حوصلے پست ہوں گے۔

جگدیش ٹائٹلر، چودھری متین احمد اور چودھری زبیر احمد و دیگر
جگدیش ٹائٹلر، چودھری متین احمد اور چودھری زبیر احمد و دیگر
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر آج چوہان بانگر وارڈ 41 ای میں واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گرلز لائبریری کا دیدار کرنے پہنچے، جہاں سابق ممبر اسمبلی چودھری متین احمد اور موجودہ کونسلر چودھری زبیر احمد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ واضح رہے کہ خواتین کی مطالعاتی ضرورتوں کے پیش نظر بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اور چوہان بانگر وارڈ سے کونسر چودھری زبیر احمد نے مذکورہ لائبریری کا گزشتہ دنوں افتتاح کیا تھا۔

جگدیش ٹائٹلر نے لائبریری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چوہان بانگر جیسے علاقے میں جس پیمانے کی لائبریری چودھری زبیر احمد نے کھولی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ یہ لائبریری قائم کر کے جہاں انہوں نے انتخابی وعدہ پورا کیا، وہیں یہ بھی بتانے کی کوشش کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لیے انتہائی سنجیدہ ہیں۔


جگدیش ٹائٹلر نے کہا کہ کانگریس ملک و ملت کی ترقی کے لیے ہمیشہ کام کرتی رہی ہے۔ آئندہ انتخابات میں بھی اگر عوام اس کو اپنی بھرپور حمایت سے نوازے گی تو ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والوں کے حوصلے پست ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب تک دہلی میں کانگریس کی سرکار رہی، اس نے اس شہر کو ہر طرح سے سنوارا۔ آج جو ترقی ہم دیکھتے ہیں وہ کانگریس کی محنتوں کا نتیجہ ہے۔ موجودہ سرکار نے تو جھوٹے وعدے اور لوگوں کے جذبات سے کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے۔

مرکز کی مودی حکومت کو تنقید ک نشانہ بناتے ہوئے جگدیش ٹائٹلر نے کہا کہ اس نے ہر شعبہ میں عوام کی امیدوں کا خون کیا ہے، مہنگائی و بے روزگاری کو فروغ دیا ہے، نفرت کے بیج بو کرآپسی اتحاد اور بھائی چارہ کو پارہ پارہ کیا ہے۔ کیجریوال حکومت نے بھی اسی سوچ کو دہلی کے اندر فروغ دے کر اپنی دوغلی پالیسی ظاہر کی ہے۔


اس موقع پر چودھری متین احمد نے کہا کہ سیلم پور کے وہ نمائندے جن کے کندھوں پر عوام کی بڑی ذمہ داری ہے، پوری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ دس سال قبل سیلم پور اسمبلی میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کی جو رفتار تھی وہ آج صرف مدھم ہی نہیں بلکہ ختم ہو گئی ہے۔

چودھری زبیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے عوام نے اپنی محبتوں سے نواز کر جو ذمہ داری دی تھی میں اس کو بخوبی ادا کر رہا ہوں۔ بنیادی کاموں کے علاوہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر جو بھی انتظامات ممکن ہیں میں ان کو کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہوں۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گرلز لائبریری اسی کوشش کا نتیجہ ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اگر عوام کی حمایت ہمیں ملتی رہی تو وہ تمام کام پایہ تکمیل کو پہنچیں گے جس کا خواب ہم دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر سید ناصر جاوید، حاجی مقصود جمال، جاوید برقی، ریاست ساحل، رئیس سلمان، حاجی ہارون، خالد خان، مقبول بیگ، مرزا شوقین، حاجی نصیر، ریاض الدین راجو، ندیم شیخ، افسر خان، رئیس انصاری، بشری انصاری، نیہا بیگ راج، شاداب حسن، اجے شرما، ونود شرما، نوین شرما، قیوم شیخ اور آشیش شرما و علاقے کے معزز افراد موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔