انڈین ریلویز کی بڑی پیش قدمی، جنرل کوچ میں سفر کرنے والوں کو 20 روپے میں ملے گا کھانا
ریلوے بورڈ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ 100 اسٹیشنوں کے تقریباً 150 پلیٹ فارم پر کھانے کا کاؤنٹر کھولا گیا ہے، آنے والے دنوں میں اس سہولت کی مزید توسیع کی جائے گی۔
انڈین ریلویز نے جنرل کوچ کے مسافروں کا خیال رکھتے ہوئے ایک بڑی پیش قدمی کی ہے۔ جنرل کوچ کے ریل مسافروں کو پلیٹ فارم پر کفایتی شرح پر کھانا دستیاب کرانے کی تیاری ہو چکی ہے جس کے تحت 20 روپے میں پوڑی اور سبزی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 50 روپے میں کھانے کا ایک پیکٹ بھی ہوگا جس میں چپاتی اور سبزی وغیرہ دی جائے گی۔
دراصل گرمی کی چھٹیوں میں ٹرینیں بھری جاتی ہیں اور اس بھیڑ کی وجہ سے لوگوں کا جنرل کوچ سے باہر نکلنا دشوار ہوتا ہے۔ ٹرین کے دو منٹ ٹھہراؤ کی وجہ سے غریب طبقہ کے مسافروں کو کئی بار بھوکے رہنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے نے کفایتی شرح پر کھانا دستیاب کرانے کی تیاری کر لی ہے۔ ایک ریلوے افسر کے مطابق آئی آر سی ٹی سی کے ساتھ مل کر ریلوے نے مسافروں، خصوصاً غیر ریزرو ڈبوں میں سفر کرنے والوں کی خدمت کے لیے یہ پیش قدمی کی ہے۔ افسر کا کہنا ہے کہ 100 اسٹیشنوں کے تقریباً 150 پلیٹ فارم پر کھانے کے کاؤنٹرس کھولے گئے ہیں اور اس سہولت کی آنے والے دنوں میں مزید توسیع کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ریلوے نے جنرل کوچ کے مسافروں کو پینے کا پانی مہیا کرانے کا انتظام پہلے ہی کر دیا ہے، اور اب کھانے کا انتظام بھی ہو گیا ہے۔ ریلوے افسر کا کہنا ہے کہ اس بار ریکارڈ تعداد میں مسافر ٹرینوں میں سفر کر رہے ہیں۔ جنرل کوچ میں بھی مسافروں کی تعداد بڑھی ہے۔ ٹرین رکنے کے بعد جنرل کوچ کے مسافر ڈبے سے باہر نہیں نکل پاتے، اسی لیے ریلوے نے یہ خاص انتظام کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً 51 اسٹیشنوں پر اس سروس کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔