تلنگانہ: ’اقتدار میں آئے تو مسلم نوجوانوں کے لیے اسپیشل آئی ٹی پارک بنائیں گے‘، وزیر اعلیٰ کا اعلان

مہیشورم میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ اگر ان کی حکومت پھر سے اقتدار میں آئی تو اقلیتی نوجوانوں کے لیے ایک آئی ٹی پارک قائم کریں گے۔

چندرشیکھر راؤ، تصویر آئی اے این ایس
چندرشیکھر راؤ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

تلنگانہ میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سبھی پارٹیاں ووٹرس کو لبھانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ اس درمیان ریاست کے وزیر اعلیٰ اور بی آر ایس چیف کے. چندرشیکھر راؤ نے جمعرات کو مسلم ووٹرس کو متاثر کرنے کے لیے ایک انتہائی اہم بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت اقتدار میں دوبارہ آئی تو اقلیتی نوجوانوں کے لیے یہاں ایک اسپیشل انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک قائم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر نے مہیشورم میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ مہیشورم سے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی انتخاب لڑ رہی ہیں اور ان کے لیے تشہیر کرنے پہنچے کے سی آر نے کہا کہ ’’میری حکومت مسلمانوں اور ہندوؤں کو دو آنکھیں سمجھتی ہے۔ اسی لیے ہمیشہ سبھی کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’تکوگوڑا علاقہ میں 52 نئی صنعتیں لگائی گئی ہیں۔ فیکس کون انڈسٹری آ گیا ہے۔ اس سے لاکھوں لوگوں کو ملازمت ملے گی۔‘‘


انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’آج ہماری حکومت مسلمانوں کو بھی پنشن دے رہی ہے۔ ہم نے رہائشی اسکول کھولے ہیں جن میں مسلم طلبا بھی پڑھتے ہیں۔ ہم مسلم نوجوانوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور حیدر آباد کے پاس ان کے لیے ایک اسپیشل آئی ٹی پارک بنوائیں گے۔ یہ آئی ٹی پارک پہاڑی شریف کے پاس بنے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔