اگر وزیر اعظم تعلیم یافتہ نہیں ہوں گے تو افسران گمراہ کر دیں گے: کیجریوال

اروند کیجریوال نے کہا کہ گجرات ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ ملک کے لوگ وزیر اعظم کی تعلیم کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر سکتے، ملک اس سے حیران و ششدر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری دکھانے کا مطالبہ کرنے کے معاملہ میں گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے 25 ہزار روپے کا جرمانہ کیے جانے کے بعد بھی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال لگاتار اس مسئلہ کو اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ملک کا وزیر اعظم پڑھا لکھا نہیں ہوگا تو افسر اس کو گمراہ کر دیں گے۔ کیجریوال نے ہفتہ کے روز اس معاملہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک کا وزیر اعظم تعلیم یافتہ ہونا چاہئے، کیونکہ انہیں دن میں کئی اہم فیصلے کرنے پڑتے ہیں اور اگر وزیر اعظم پڑھا لکھا نہیں ہوگا تو افسران انہیں گمراہ کر سکتے ہیں۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ گجرات ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ ملک کے لوگ وزیر اعظم کی تعلیم کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر سکتے، ملک اس سے حیران و ششدر ہے۔


کیجریوال نے مزید کہا ’’جمہوریت میں معلومات مانگنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ کسی کا ناخواندہ ہونا کوئی گناہ یا جرم نہیں ہے۔ ملک میں غریبی کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو تعلیم نہیں مل پاتی۔ 75 برسوں سے ملک اس طرح نہیں کر پایا جس طرح سے اسے کرنا چاہیے تھا۔ ملک تیزی سے ترقی کرنا چاہتا ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ’’گجرات ہائی کورٹ کے حکم کے بعد شک و شبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر ڈگری ہے اور صحیح ہے تو اسے دکھانے میں کیا حرج ہے؟ کچھ وقت پہلے امت شاہ نے ایک ڈگری دکھائی تھی۔ ہو سکتا ہے کہ تکبّر میں ڈگری نہ دکھا رہے ہوں۔ لیکن عوام کے دل و دماغ میں دوسرے سوال بھی ہو سکتے ہیں، کہ کہیں ڈگری فرضی تو نہیں؟‘‘


کیجریوال نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نے دہلی یا گجرات سے تعلیم حاصل کی ہے تو اس پر انہیں مسرت ہونی چاہئے اور اسے سیلیبریٹ کرنا چاہئے۔ آج سوال یہی ہے کہ کیا وزیر اعظم کو پڑھا لکھا ہونا چاہئے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔