اگر ہماری پارٹی کو ایک بھی سیٹ نہیں دی گئی تو منھ دکھانے کی گنجائش نہیں بچے گی: رام داس آٹھولے
رام داس آٹھولے نے شرڈی لوک سبھا حلقہ پر دعویٰ کیا ہے کہ مہاراشٹر کی مہایوتی میں شامل پارٹیاں سیٹوں کے لیے ایک دوسرے سے الجھی ہوئی ہیں۔
لوک سبھا کے انتخابات کے قریب آتے ہی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی) کے سربراہ رام داس آٹھولے نے اپنا مطالبہ شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا الیکشن 2024 لڑنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’لوک سبھا میں ہماری پارٹی کو شرڈی اور شولاپور کے حلقے دیے جائیں۔ اگر ’مہایوتی‘ ہمیں ایک بھی سیٹ نہیں دیتی ہے تو ہمارے لیے منہ دکھانے کی کوئی جگہ نہیں بچے گی۔‘‘ وہ یہ باتیں ایک پریس کانفرنس میں کر رہے تھے۔
اس موقع پر رام داس آٹھولے نے شرڈی لوک سبھا حلقہ سے الیکشن لڑنے کی اپنی شدید خواہش کا اظہار کیا۔ اے بی پی نیوز میں شائع پریس کانفرنس کی رپورٹ کے مطابق رام داس آٹھولے نے کہا کہ ’’بی جے پی اور این ڈی اے نے ’اب کی بار 400 پار‘ کا دعویٰ کیا ہے، اس میں ہماری ری پبلیکن پارٹی کی بھی بڑی حصہ داری ہے۔ اس لیے میری خواہش ہے کہ مہایوتی انہیں شرڈی لوک سبھا الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔ وہ دو بار شرڈی لوک سبھا سے ایم پی رہ چکے ہیں۔ تیسری بار انہیں شکست ملی لیکن اب وہ دوبارہ شرڈی لوک سبھا حلقے سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ گوکہ وہ اس وقت راجیہ سبھا میں ہیں مگر وہ لوک سبھا کے آدمی ہیں اور وہ لوک سبھا میں آنا چاہتے ہیں۔‘
رام داس آٹھولے نے کہا کہ ’’بی جے پی اور اس کی ہم خیال دیگر پارٹیوں کے درمیان جو ’مہایوتی‘ بنی ہے وہ صرف اس لیے نہیں بنی کہ اجیت پواریا شندے بی جے پی کے ساتھ شامل ہوگئے بلکہ اس لیے بنی کہ ہم بھی بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹیوں کو بھی اس سے قبل امبیڈکر وادی ووٹ نہیں ملتے تھے لیکن ہم جب بی جے پی میں شامل ہوئے تو 2012 سے ایس سی ووٹ بی جے پی کو ملنے شروع ہوے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔