یو پی: پرینکا گاندھی نے کانگریس کی حکومت بننے پر آشا ورکرس کو 10 ہزار روپے اعزازیہ دینے کا کیا اعلان
پرینکا گاندھی نے آشا اور آنگن واڑی ورکرس کے لیے انتہائی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2022 میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو انھیں 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔
اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ دینے کا اعلان کر چکیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ایک اور اہم اعلان کیا۔ انھوں نے آشا اور آنگن واڑی ورکرس کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2022 میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو آشا اور آنگن واڑی ورکرس کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔
پرینکا گاندھی نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’کانگریس پارٹی آشا بہنوں کے اعزازایہ کے حق اور ان کے وقار کے تئیں پرعزم ہے اور حکومت بننے پر آشا بہنوں اور آنگن باڑی ملازمین کو 10 ہزار روپے ماہانہ کا اعزازیہ دے گی۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’یو پی حکومت کے ذریعہ آشا بہنوں پر کیا گیا ایک ایک حملہ ان کے ذریعہ کیے گئے کاموں کی بے عزتی ہے۔ میری آشا بہنوں نے کورونا میں اور دیگر مواقع پر پوری لگن سے اپنی خدمات انجام دیں، اعزازیہ ان کا حق ہے۔ ان کی بات سننا حکومت کا فرض ہے۔ آشا بہنیں عزت کی حقدار ہیں اور میں اس لڑائی میں ان کے ساتھ ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ شاہجہاں پور میں وزیر اعلیٰ سے ملنے جا رہی آشا ورکرس کو پولیس نے روکا تھا اور الزام ہے کہ ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی تھی۔ بہر حال، اس سے پہلے پرینکا گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخاب میں 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دے گی۔ اس کے بعد انھوں نے کہا ہے کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو انٹر پاس لڑکیوں کو اسمارٹ فون اور گریجویٹ لڑکیوں کو الیکٹرک اسکوٹی دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔