زار و قطار روتی میناکشی سے راہل گاندھی نے کہا ’انصاف کی لڑائی میں آپ کے ساتھ ہوں‘

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’میناکشی جی کی دردناک ویڈیو دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔ منیش جی کے اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی ہے۔ میں بی جے پی حکومت کی ناانصافی کے خلاف اس لڑائی میں آپ کے ساتھ ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانپور کے پراپرٹی ڈیلر منیش گپتا کی موت کے بعد پولس انتظامیہ اور ریاستی حکومت کو اپوزیشن پارٹی لیڈران لگاتار کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں۔ منیش گپتا کی بیوہ میناکشی گپتا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ روتی ہوئی اور ہاتھ جوڑ کر اپنے لیے انصاف مانگتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’میناکشی گپتا جی کی دردناک ویڈیو دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔ منیش گپتا جی کے اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی ہے۔ بی جے پی حکومت کی ناانصافی کے خلاف اس لڑائی میں میں آپ کے ساتھ ہوں۔‘‘ راہل گاندھی مزید لکھتے ہیں ’’انصاف لے کر رہیں گے – حق ہے، احسان نہیں!‘‘

دوسری طرف بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے گورکھپور میں پولیس کی پٹائی سے ہلاک تاجر کے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مایاوتی نے جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’یوپی وزیر اعلی کے آبائی ضلع گورکھپور کی پولیس کے ذریعہ تین تاجروں کے ساتھ ہوٹل میں بربریت اور اس میں سے ایک کی موت کے سردست خاطی پولیس اہلکار کو بچانے کے لئے معاملے کو دبانے کی کوشش ناموزوں ہے۔ واقعہ کی سنگینی و کنبے کی حالت کو دیکھتے ہوئے معاملے کی سی بی آئی جانچ ضروری ہے۔‘‘


مایاوتی نے ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ ’’ملزم پولیس اہلکار کے خلاف پہلے قتل کا مقدمہ درج نہیں کرنا، لیکن پھر عوام کی ناراضگی کے سبب مقدمہ درج ہونے کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کرنا حکومت کی پالیسی اور نیت دونوں پر سخت سوال کھڑے کرتا ہے۔ بی ایس پی کا مطالبہ ہے کہ حکومت متاثرہ کنبہ کو انصاف، مناسب مالی مدد و سرکاری ملازمت دے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔