وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کے اہم سیاسی مسئلے پر غلط بیانی سے کام لیا ہے: سوز

سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست جموں وکشمیر کے حالیہ دورے کے دوران کئی پہلوؤں پر غلط بیانی سے کام لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز کا کہنا ہے کہ ”یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست جموں وکشمیر کے حالیہ دورے کے دوران کئی پہلوؤں پر غلط بیانی سے کام لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعجب انگیز بات یہ ہے کہ امت شاہ جی نے کہا ہے کہ آئین ہند کی دفعہ 370 کی منسوخی سے ریاست کے کئی طبقوں مثلاً عورتوں، دلت سماج ، پسماندہ طبقوں وغیرہ کو بہت فائدہ ملا ہے۔افسوسناک بات یہ ہے کہ امت شاہ نے ان فوائد میں سے ایک فائدے کا بھی ذکر نہیں کیا ہے!


سیف الدین سوز کے مطابق کیا ہی اچھا ہوتا اگر امت شاہ اس جانکاری کے لئے کوشش کرتا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے دستاویز الحاق میں ہی 26 اکتوبر 1947 کو واضح طور بتایا تھا کہ ریاست صرف چار شعبوں میں الحاق کرتی ہے اور وہ چار شعبے دفاع، خارجی امور، مواصلات اور کرنسی ہیں۔ ان چار شعبوں کے علاوہ سارے امور میں ریاست خود مختار رہے گی!

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی سرکار کے لئے یہ بات بھی اچھی ہوگی کہ وہ اس بات کا نوٹس لے کہ ریاست کے عوام کی بھاری اکثریت ریاست کی داخلی خود مختاری کی محافظ ہے اور اس داخلی خود مختاری کے حصول کے لئے اُن کی جدوجہد جاری رہے گی۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔