دہلی میں امریکی سفارت خانہ کے باہر ہندو سینا نے چسپاں کیا پوسٹر، ایف آئی آر درج

ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا نے دو پوسٹرز ٹوئٹ کیے ہیں، جن میں سے ایک امریکی سفارت خانے کے باہر چسپاں کیا گیا، جبکہ دوسرے میں ہند نژاد امریکیوں پر زور دیا گیا کہ وہ 'جمہوری جنگوں' کی حمایت بندکریں۔

امریکی سفارت خانہ کے باہر پوسٹر/ آئی اے این ایس
امریکی سفارت خانہ کے باہر پوسٹر/ آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے باہر ہفتہ کے روز ایک پوسٹر چسپاں نظر آیا۔ اس معاملہ میں دہلی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے یہ اطلاع فراہم کی۔ سفارت خانہ کے باہر لگے سائن بورڈ پر چسپاں کئے گئے پوسٹر میں لکھا تھا، ’’ناقابل اعتبار بائیڈن انتظامیہ، ہندوستان کو دھمکیاں دینا بند کرو، ہمیں تمہاری ضرورت نہیں ہے۔ امریکہ کو چین کے خلاف ہندوستان کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی منظم اور بہادر ہندوستانی افواج پر فخر ہے۔ جے جوان، جے بھارت۔"

ڈپٹی کمشنر آف پولیس امرتا گگولوتھ نے کہا کہ ہمیں مذکورہ واقعہ کی اطلاع جمعہ کی رات تقریباً 10.15 بجے موصول ہوئی۔ جس کے بعد پولیس نے دہلی پریوینشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ کی دفعہ 3 (جائیداد کو خراب کرنے کا جرمانہ) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔


ڈی پی ڈی پی ایکٹ کے سیکشن 3 کے مطابق، جو کوئی بھی کسی جائیداد کو سیاہی، چاک، پینٹ یا کسی دوسری چیز سے لکھ کر یا نشان زد کر کے، کسی جائیداد کے مالک یا قابض کا نام اور پتہ بتانے کے مقصد سے خراب کرتا ہے، اس کو ایک سال کی قید کی سزا یا پچاس ہزار روپے کا جرمانہ، یا دونوں ہی سزا دی جا سکتی ہیں۔

ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ مجرم کو پکڑنے کے لیے تکنیکی نگرانی کی جا رہی ہے۔ امریکی سفارت خانے کے گیٹ نمبر 7 کے قریب سائن بورڈ پر چسپاں پوسٹر پر ہندو سینا کا لوگو لگا ہوا تھا۔ تنظیم نے ٹوئٹر کے ذریعے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا نے دو پوسٹرز ٹوئٹ کیے ہیں، جن میں سے ایک امریکی سفارت خانے کے باہر چسپاں کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے میں ہند نژاد امریکیوں پر زور دیا گیا کہ وہ 'جمہوری جنگوں' کی حمایت بند کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔