ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب: کانگریس نے 46 سیٹوں کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی
ہماچل پردیش اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر مکیش اگنی ہوتری کو ان کے موجودہ اسمبلی حلقہ ہرولی سے ٹکٹ دیا گیا ہے، دراصل کانگریس نے ایک سیٹ چھوڑ کر سبھی موجودہ اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیا ہے۔
ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کا بگل بجنے کے بعد کانگریس نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست آج جاری کر دی۔ کانگریس نے اپنی پہلی فہرست میں 46 سیٹوں کے لیے مقرر کردہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ شملہ دیہی سے وکرمادتیہ سنگھ، نادون سے سکھوندر سنگھ سکھو، ٹھیوگ سے کلدیپ سنگھ راٹھوڑ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وکرمادتیہ سنگھ سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی ویربھدر سنگھ اور ریاستی صدر پرتبھا سنگھ کے بیٹے ہیں۔ سکھوندر سنگھ سکھو تشہیر کمیٹی کے چیف ہیں۔
ہماچل پردیش اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر مکیش اگنی ہوتری کو ان کے موجودہ اسمبلی حلقہ ہرولی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ دراصل کانگریس نے ایک سیٹ چھوڑ کر سبھی موجودہ اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کانگریس اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست بھی جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ انتخابی کمیشن نے گزشتہ 14 اکتوبر کو ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ ریاست میں انتخاب ایک مرحلہ میں ہوگا جس کے لیے ووٹنگ کی تاریخ 12 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 8 دسمبر کو نتائج برآمد ہوں گے۔ نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کے لیے آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے اور 29 اکتوبر تک نام واپس لیا جا سکے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔