ہماچل بجٹ: دودھ پر ایم ایس پی، منریگا مزدروں کی یومیہ اجرت اور بزرگوں کی پنشن میں اضافہ، کھلاڑیوں کے لیے بھی بڑا اعلان
وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ہماچل پردیش کے لیے 58 ہزار 444 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے، اس بجٹ میں منریگا مزدوروں، کسانوں اور سیاحت سمیت کئی شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو نے ہفتہ کو اسمبلی میں ریاست کا عام بجٹ پیش کیا۔ مالی سال 25-2024 کا یہ بجٹ لوک سبھا انتخابات سے پہلے پیش کیا گیا ہے۔ سکھوندر سنگھ سکھو نے ریاست کے لیے 58 ہزار 444 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے۔ اس میں منریگا مزدوروں، کسانوں اور سیاحت سمیت کئی شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
بجٹ میں وزیر اعلیٰ سکھو نے یہ بڑے اعلانات کیے
منریگا کارکنوں کی یومیہ اجرت میں اضافہ: وزیراعلیٰ نے منریگا میں کام کرنے والے مزدوروں کی یومیہ اجرت میں 60 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ یعنی اب انہیں یومیہ 240 روپے کی بجائے 300 روپے ملیں گے۔ 3 لاکھ روپے کی رقم منریگا کے مزدوروں، معذور سنگلز اور بیوہ خواتین کو دی جائے گی جن کی آمدنی 2.5 لاکھ روپے سے کم ہے اور جنہوں نے 100 دن کا کام مکمل کر لیا ہے۔
دودھ پر ایم ایس پی: سکھو نے گائے اور بھینس کے دودھ کی ایم ایس پی میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اپنا دوسرا بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’گائے کے دودھ پر ایم ایس پی 38 روپے سے بڑھا کر 45 روپے فی لیٹر اور بھینس کے دودھ پر 38 روپے سے بڑھا کر 55 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔‘‘
کسانوں کی آمدنی میں اضافہ: ہماچل میں راجیو گاندھی اسٹارٹ اپ کے نام سے ایک نئی اسکیم شروع کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت قدرتی کھیتی پر 680 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ہر پنچایت سے 10 کسانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس اسکیم میں ریاست کے 36 ہزار کسانوں کو شامل کیا جائے گا۔ ایم ایس پی پر ہر خاندان سے 20 کوئنٹل اناج خریدا جائے گا۔ نوجوانوں کو قدرتی کھیتی کی طرف راغب کیا جائے گا۔
پولیس اہلکاروں کی خوراک کی رقم میں اضافہ: وزیر خزانہ کے طور پر سکھوندر سنگھ سکھو نے اعلان کیا ہے کہ ’’2024-25 کے بجٹ میں پولیس کو ملنے والی ماہانہ خوراک کی رقم میں 5 گنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اب پولیس اہلکاروں کو 210 روپے کی بجائے 1000 روپے کی ڈائٹ منی ملے گی۔ اس سے ریاست کے 18 ہزار پولیس اہلکار مستفید ہوں گے۔‘‘
تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے: وزیراعلیٰ سکھو نے اس بجٹ میں نئی اسپورٹس پالیسی کے ساتھ ساتھ کئی بڑے اعلانات کئے۔ انہوں نے اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے مختص 3 کروڑ روپے کی رقم بڑھا کر 5 کروڑ کرنے کا اعلان کیا۔ چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو 2 کروڑ روپے کی رقم بڑھا کر 3 کروڑ اور کانسے کا تمغہ جیتنے والے کو 1 کروڑ روپے کی بجائے 2 کروڑ دینے کا اعلان۔ اس کے علاوہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپئے کے بجائے 4 کروڑ روپے، سلور میڈل کے لیے 30 لاکھ کی بجائے 2.50 کروڑ روپے، کانسے کے تمغے کے لیے 30 لاکھ روپئے کے بجائے 1.50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے کی رقم بڑھا کر 3 کروڑ روپے، چاندی کا تمغہ جیتنے پر 30 لاکھ روپے کی رقم بڑھا کر 2 کروڑ روپے اورکانسے کا تمغہ جیتنے پر 20 لاکھ روپے کی رقم بڑھا کر ایک کروڑ روپے کیے جانے کا اعلان کیا۔
حکومت گیہوں 40 روپے اور مکئی 30 روپے فی کلو خریدے گی: وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماچل حکومت گیہوں 40 روپے اور مکئی 30 روپے فی کلو خریدے گی۔ حکومت موٹے اناج کو فروغ دینے کا منصوبہ بھی بنائے گی۔
نرسری کے 6 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی جائے گی: آنگن واڑی کارکنان بھی اب اسکولی بچوں کو پڑھائیں گی۔ اس کے لیے انہیں تربیت دی جائے گی۔ گرلز اور بوائز سکولوں کو ضم کر دیا جائے گا۔ ریاست میں 6 ہزار نرسری اساتذہ کی بھرتی کی جائے گی۔
تین لاکھ سابق فوجیوں کے لیے بجٹ میں بڑا اعلان: سی ایم سکھو نے کہا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے پنشن کی رقم 3000 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے کر دی گئی ہے۔ آنگن واڑی ورکر کو 10 ہزار روپے اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہماچل کی جانب سے کھیل میں حصہ لینے جانے والے کھلاڑیوں کے لیے اے سی کوچ کا کرایہ حکومت دے گی۔
بزرگوں کا مفت علاج: وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں اور 70 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انکم ٹیکس ادا نہ کرنے والے بوڑھے افراد کا بھی مفت علاج کیا جائے گا۔
چیف منسٹر سکھ شکشا یوجنا کا اعلان: اس کے تحت حکومت تمام بیواؤں کے 27 سال تک کے بچوں کی تعلیم کا سارا خرچ برداشت کرے گی جن کی خاندانی آمدنی ایک لاکھ سے کم ہے۔ انہیں مختلف پیشہ ورانہ کورسیز کرائے جائیں گے۔ حکومت 18 سال سے کم عمر بیواؤں کے بچوں کے اکاؤنٹ میں 1000 روپئے بطور آر ڈی جمع کرائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔