یہاں ملزم کو بغیر ثبوت کے ہی مجرم قرار دے دیا جاتا ہے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی تشویش ناک رجحان ہے کہ ضمانت اب ایک قانون نہیں رہا ہے بلکہ ایک استثنا ہے اور ایک ملزم کو بغیر کسی ثبوت کے ہی مجرم گردانا جاتا ہے۔

محبوبہ مفتی، تصویر یو این آئی
محبوبہ مفتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ضمانت اب ایک قانون نہیں بلکہ ایک استثنا بن کے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو بغیر کسی ثبوت کے ہی مجرم گردانا جاتا ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کی ضمانتی عرضی مسترد ہونے کے رد عمل میں کیا۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'یہ ایک انتہائی تشویش ناک رجحان ہے کہ ضمانت اب ایک قانون نہیں رہا ہے بلکہ ایک استثنا ہے اور ایک ملزم کو بغیر کسی ثبوت کے ہی مجرم گردانا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ زیر ٹرائل افراد جرم ثابت ہونے سے قبل ہی مہینوں کیا برسوں سے جیلوں میں بند ہیں'۔


موصوفہ نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ 'دہلی عدالت کا دیشا روی کے کیس کے سلسلے میں کل کا فیصلہ کہ محض الزمات عائد ہونے سے کسی کا مجرم ہونا طے نہیں ہوتا ہے، اسپیشل کورٹ کے وحید پرہ کی ضمانتی عرضی مسترد کرنے کے فیصلے عین برعکس ہے'۔ بتا دیں کہ ایک اسپیشل عدالت نے منگل کے روز وحید پرہ کی ضمانتی عرضی مسترد کر دی۔

وحید الرحمان پرہ کو 25 نومبر کو این آئی اے نے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے پانچ روز بعد گرفتار کیا تھا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے وحید الرحمان پرہ پر این آئی اے نے ملی ٹنٹ تنظیم حزب المجاہدین سے روابط رکھنے کا الزام عائد کیا ہے اور انہیں امپھالہ جیل جموں میں مقید رکھا گیا ہے۔


وحید الرحمان کو 9 جنوری کو این آئی اے کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ تاہم انہیں جیل سے باہر قدم رکھنے سے قبل ہی جموں و کشمیر پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا۔ وحید الرحمان پرہ نے جیل میں مقید رہنے کے باوجود ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب پلوامہ اول سے جیت درج کی۔ انہوں نے اس سے قبل کسی بھی الیکشن میں امیدوار کی حیثیت سے حصہ نہیں لیا تھا۔ یہ ان کا بحیثیت امیدوار پہلا الیکشن بھی تھا اور پہلی جیت بھی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔