شمالی ہندوستان میں شدید مانسونی بارش، آبی جماؤ کی صورتحال، الرٹ جاری

شمالی ہندوستان میں شدید بارشیں جاری ہیں، جس سے دہلی-این سی آر اور یوپی میں آبی جماؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 19 ریاستوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی-یوپی سمیت شمالی ہند کے کئی علاقوں میں مانسون کی بارش جم کر ہو رہی ہے۔ اتر پردیش میں بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی این سی آر میں رات کو ہوئی بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں آبی جماؤ کا شدید مسئلہ پیدا ہو گیا ہے اور لوگوں کو نکلنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چھتیس گڑھ میں بارش سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی تین دنوں تک بارش سے راحت نہیں ملنے والی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی، اترپردیش، بہار، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ سمیت 19 ریاستوں میں شدید بارش کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور ہماچل پردیش کے مختلف علاقوں میں بھی 15 ستمبر تک جم کر برسات ہونے والی ہے۔ 15 سے 17 ستمبر تک چھتیس گڑھ میں، وسطی مہاراشٹر میں 12 ستمبر کو، آسام اور میگھالیہ میں 13 اور 14 ستمبر تک خوب بارش ہونے کا امکان ہے۔


اس کے علاوہ ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار اور اوڈیشہ میں بھی 15 ستمبر تک الگ الگ مقامات پر بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔

اتراکھنڈ کے پہاڑی اضلاع میں شددید بارش ہونے کی امید ہے۔ محکمہ سائنس سنٹر نے دہرادون سمیت ہریدوار، پوڑی، باگیشور، نینی تال، چمپاوت اور اُدھم سنگھ نگر ضلع میں بجلی چمکنے کے ساتھ طوفانی بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اُتر کاشی، ٹہری، چمولی، رودرپریاگ، الموڑا اور پتھوراگڑھ ضلع میں بھی بارش کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

چھتیس گڑھ کے دُرگ ضلع میں شیوناتھ ندی کی آبی سطح بڑھنے سے کئی علاقوں میں سیلاب آگیا ہے۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے سیلاب میں پھنسے 50 سے زیادہ لوگوں کو بچا لیا ہے۔ آبی سطح میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پانی چھوڑا گیا ہے جس سے آبی ذخائر اور پشتوں کے کنارے والے علاقے میں آبی جماؤ کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔