انتخابات  کے دوسرے مرحلے کے دوران  شدید گرمی کے آثار، ریڈ اوراورنج الرٹ جاری

انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 89 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ آئی ایم ڈی نے ووٹنگ کے دن ریڈ اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ آج   یعنی 26 اپریل  کو ہوگی۔ تاہم انتخابات کے ساتھ ساتھ ملک میں گرمی بھی بڑھ رہی ہے۔ دریں اثنا، ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 26 اپریل کو ووٹنگ کے دن شدید گرمی کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔

انگریزی اخبار 'دی ہندو' کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 25 اپریل سے اگلے پانچ دنوں کے دوران ملک کی کئی ریاستوں میں گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی بنگال، اڈیشہ، بہار، جھارکھنڈ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مغربی بنگال-اڈیشہ  کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور بہار اور کرناٹک کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


محکمہ موسمیات نے کہا کہ تریپورہ، کیرالہ، ساحلی کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری، آسام، میگھالیہ اور گوا میں شدید گرمی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم 26 اپریل کو مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

آئی ایم ڈی نے کہا کہ اڈیشہ میں 15 اپریل سے اور مغربی بنگال میں 17 اپریل سے گرمی کی لہر کی صورتحال ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا، "اڈیشہ میں 27 سے 29 اپریل تک گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔" جن علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے وہاں گرمی کے باعث لوگ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اورنج الرٹ والے علاقوں میں سارا دن دھوپ میں کام کرنے والے لوگ گرمی کی وجہ سے بیمار پڑ سکتے ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر کے حوالے سے پہلے ہی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ اپریل میں ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی لہر چار سے آٹھ روز تک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر گرمی کی لہر ایک سے تین دن تک برقرار رہے گی۔ جن ریاستوں میں ہیٹ ویو کی وارننگ دی گئی تھی ان میں مدھیہ پردیش، گجرات، اڈیشہ، آندھرا پردیش، مدھیہ مہاراشٹرا، ودربھ، مراٹھواڑہ، بہار اور جھارکھنڈ شامل ہیں۔

جمعہ کو کیرالہ کی تمام 20، کرناٹک کی 14، راجستھان کی 13، اتر پردیش اور مہاراشٹر کی آٹھ، مدھیہ پردیش کی سات، بہار اور آسام کی پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور تریپورہ، منی پور کی تین تین سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ جموں و کشمیر میں ایک ایک نشست پر انتخابات ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔