’وہ بے باک بولتے ہیں اس لیے ای ڈی پیچھے پڑی ہے‘، نواب ملک کی بیٹی کا بیان

نواب ملک کی بیٹی نیلوفر ملک نے اپنے والد کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے یقین ہے میرے والد باہر آئیں گے، یہ عدالتی لڑائی ہے اور ہم لڑیں گے۔‘‘

مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک / تصویر قومی آواز
مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک / تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کو اسپیشل کورٹ نے آٹھ دنوں کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ منی لانڈرنگ کے ایک معاملے کی جانچ کے سلسلے میں نواب ملک کو طویل پوچھ تاچھ کے بعد گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔ لیکن اس گرفتاری کے بعد مرکزی حکومت کے خلاف اپوزیشن کا حملہ تیز ہو گیا ہے۔ اب ان کی گرفتاری پر بیٹی نیلوفر ملک کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔

نیلوفر ملک نے اپنے والد کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے یقین ہے میرے والد باہر آئیں گے۔ یہ عدالتی لڑائی ہے اور ہم لڑیں گے۔ ہر مسلمان جو عوامی طور سے سرگرم کارکن کی طرح رہا ہے، کچھ لوگوں کے ذریعہ ڈی-کمپنی سے جڑا ہوا بتایا جاتا ہے، جو مسلمانوں کی شکل میں ہمارے لیے بہت نامناسب ہے۔‘‘ نیلوفر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم گزشتہ دو تین مہینوں سے سن رہے ہیں کہ ای ڈی آئے گی اور ہمارے والد (نواب ملک) نے ہمیں محتاط رنے کے لیے کہا تھا، لیکن ہم نے سب کچھ ٹھیک کیا ہے۔ میرے والد بے خوف اور بے باک ہو کر بولتے ہیں، اس لیے ای ڈی اور این سی بی ہمارے پیچھے ہیں۔


اس سے قبل بدھ کے روز جب نواب ملک گرفتار کیے گئے تھے تو اس وقت بیٹی نیلوفر ملک نے اپنا رد عمل ظاہر کیا تھا اور اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’کچھ عظیم انسان کوئی چوغا نہیں پہنتے، انھیں والد کہا جاتا ہے۔‘‘ جب ای ڈی کی گاڑی نواب ملک کو لے کر عدالتی احاطے پہنچی اور رکی تو نیلوفر وہاں پر اپنے آنسو نہیں روک پائی تھیں۔ وہ ایس یو وی کے پاس گئیں۔ انھوں نے گاڑی کا دروازہ کھلنے کے بعد اپنے والد کا ہاتھ پکڑا اور انھیں گلے لگایا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنے والد کے ہاتھ کو چوما اور ان کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔