ہریانہ: ’ہمیں دہلی جانے سے کیوں روکا، راستے میں کیلیں کیوں بچھائیں‘، بی جے پی امیدواروں کی زبردست مخالفت کر رہے کسان

لوک سبھا انتخاب سے قبل ہریانہ میں انتخابی تشہیر کے لیے پہنچ رہے بی جے پی امیدواروں کو کسانوں کی زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کسان تحریک / آئی اے این ایس</p></div>

کسان تحریک / آئی اے این ایس

user

دھیریندر اوستھی

ہریانہ میں بی جے پی امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیر کا عمل مشکل ہو گیا ہے۔ کسانوں کی مخالفت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ پولیس کی سیکورٹی میں وہ بمشکل ہی نکل پا رہے ہیں۔ یہ حالت تب ہے جب سبھی پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کا نام بھی ظاہر نہیں کیا ہے۔ بی جے پی کی قیادت کو یہ مخالفت دیکھ کر پسینہ آ رہا ہے۔ کسانوں کے سوال انھیں لگاتار پریشان کر رہے ہیں۔ وہ پوچھ رہے ہیں کہ آخر دہلی جانے سے ہمیں کیوں روکا؟ نہ صرف روکا بلکہ ایسا سلوک کیا گیا جیسے وہ دشمن ملک کے باشندہ ہیں۔

آناً فاناً بی جے پی میں شامل ہونے والے اور ہسار لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنائے جانے والے رنجیت سنگھ چوٹالہ ویسے تو برہمنوں پر دیے گئے اپنے بیان کے لیے پہلے ہی معافی مانگتے گھوم رہے ہیں، لیکن جمعرات کو ہسار میں اگروہا بلاک کے گاؤں شیام سکھ میں جب وہ انتخابی تشہیر کرنے پہنچے تو انھیں نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ’پگڑی سنبھال جَٹ کسان سنگھرش سمیتی‘ سے منسلک کسانوں نے نعرے بازی کی جس سے ان کے جلسہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ بڑی مشکل سے پولیس اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں کو روکا۔ حالات اس طرح ہو گئے کہ رنجیت چوٹالہ کو آدھی تقریر دے کر ہی گاڑی میں بیٹھ کر لوٹنا پڑا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں بھی رنجیت چوٹالہ نے ایک ایسا بیان دے دیا جس پر انھیں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔


ہنگامہ کے درمیان رنجیت چوٹالہ نے یہ کہہ کر کسانوں کو خاموش کرنے کی کوشش کی کہ ہماری پارٹی کو پورا ملک ووٹ دے رہا ہے۔ آپ کو ٹھیک نہ لگے تو ووٹ نہ دینا۔ کسان ان سے پوچھ رہے تھے کہ کسانوں کو دہلی جانے سے روکنا غلط تھا یا درست تھا۔ ان سے کہا گیا کہ وہ صرف ہاں یا نہ میں جواب دیں۔ اس پر رنجیت چوٹالہ نے خالصتان معاملہ کو کسانوں کے ساتھ جوڑنا چاہا۔ بات یہیں پر بگڑ گئی اور کسان ناراض ہو گئے۔ ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ کسانوں نے رنجیت چوٹالہ سے پوری ریاست میں کسانوں پر ہوئے لاٹھی چارج کو لے کر بھی سوال پوچھا۔ چوٹالہ نے اس کا ٹال مٹول والا جواب دیا۔ کسانوں نے جب پوچھا کہ فصل بیمہ کو لے کر کسان دھرنے پر بیٹھے تھے ان پر لاٹھی چلائی گئی، تو رنجیت چوٹالا کو کچھ بھی جواب دیتے نہیں بنا۔

اس سے ایک دن قبل سونی پت لوک سبھا سے بی جے پی امیدوار موہن لال بڑولی کی جیند میں جلانا اسمبلی حلقہ میں گاؤں نندگڑھ میں زبردست مخالفت ہوئی۔ وہ بدھ کو شام 5 بجے کے قریب گاؤں نندگڑھ میں پہنچے تھے۔ یہاں پر دیہی لوگوں نے ان سے پرانے کاموں کا حساب کتاب مانگا۔ دیہی عوام نے کہا کہ گاؤں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ موہن لال نے کہا کہ یہ بات تو سابق رکن پارلیمنٹ رمیش کوشک ہی بتا سکتے ہیں۔ آپ لوگوں کو ان کے پاس لے چلیں گے تو آپ پوچھ لینا۔ لیکن عوام نہیں مانے اور بولے کہ پھر آپ کس لیے آئے ہو؟ انھوں نے اس پر کہا کہ وہ نریندر مودی کو پھر سے وزیر اعظم بنانے آئے ہیں۔ اس کے بعد ناراض عوام نے نعرہ بازی شروع کر دی۔


اسی طرح سرسا سے بی جے پی امیدوار اشوک تنور کو زبردست احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کسان تنظیمیں گاؤں میں کئی دنوں سے ان کی لگاتار مخالفت کر رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فتح آباد کے گاؤں کرنولی، اہلی صدر، حکماوالی، الیکا، کاریاں اور ہڑولی سمیت درجن بھر گاؤں میں انھیں زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ٹوہانا اسمبلی حلقہ میں کھنورا، امیم فتح پوری سمیت کئی گاؤں ایسے تھے جہاں طے پروگرام بھی مخالفت کے بعد رد کرنے پڑے۔ رَتیا کے بھی کئی گاؤں میں اشوک تنور کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

کسان تنظیمیں بی جے پی امیدواروں سے جو سوالات پوچھ رہے ہیں، وہ اس طرح ہیں...

  • کسانوں کو دہلی کیوں نہیں جانے دیا گیا، ان کو روکنے کے لیے راستوں میں کیلیں کیوں لگائی گئیں

  • بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور کے 10 سال بعد بھی ایم ایس پی کا وعدہ پورا کیوں نہیں کیاوزیر اعظم مودی نے سوامی ناتھن رپورٹ کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیوں نہیں کیا گیا

  • بڑے بڑے سرمایہ داروں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیے، کسان مزدور کا ایک بھی پیسہ کیوں نہیں معاف کیا گیا

  • کسان جب سیلاب سے مر رہا تھا تب آپ کہاں تھے

  • منریگا میں گزشتہ 10 سالوں میں ایک بار بھی پورا 100 دن کا کام کیوں نہیں دیا گیا

  • کسان تحریک آپ کی نظر میں درست تھا یا غلط؟ اگر درست تھا تو آپ نے کسانوں کی حمایت کیوں نہیں کی

  • کورونا بحران میں غریب مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے لیے بس ٹرینیں کیوں نہیں چلائی گئیں، جبکہ غریب مزدور ہزاروں کیلومیٹر پیدل چلتے ہوئے راستوں میں مارے گئے

  • کورونا بحران میں ریمیڈیسیور کمپنی کا ٹیکہ، جو ٹیسٹ میں فیل ہو گیا تھا، اس کے باوجود آپ کی پارٹی نے رشوت لے کر اسے کلین چٹ کیوں دی

  • لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے والوں کو سزا دینے کی جگہ بی جے پی نے دوبارہ ٹکٹ کیوں دیا

  • بجلی بلوں میں سرچارج کے نام پر حکومت کے ذریعہ غریبوں سے ہزاروں روپے کیوں وصول کیے گئے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔