ہری دوار دھرم سنسد: بھوک ہڑتال پر بیٹھے نرسنگھانند کی گرفتاری سے حامی مشتعل

پولیس کے مطابق نرسنگھانند کو سروانند گھاٹ سے گرفتار کیا ہے جہاں وہ جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کی گرفتاری کے خلاف کھانا پینا چھوڑ کر بھوک ہڑتال کر رہے تھے۔

دھرم سنسد، فائل تصویر ویڈیو گریب
دھرم سنسد، فائل تصویر ویڈیو گریب
user

یو این آئی

ہردوار: اتراکھنڈ کے ہری دوار میں ہوئی دھرم سنسد میں دیئے گئے متنازعہ بیانات کے معاملات میں سنیچر کی رات پولیس نے دوسری گرفتاری کی۔ پولیس نے جونا اکھاڑا مہامنڈلیشور اور ڈاسنا پیٹھ کے پیٹھا دیشور سوامی یتی نرسنگھانند کو گرفتار کیا ہے جس کے بعد ان کے حامی مشتعل ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نرسنگھانند کو سروانند گھاٹ سے گرفتار کیا ہے جہاں وہ جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کی گرفتاری کے خلاف کھانا پینا چھوڑ کر بھوک ہڑتال کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے انشن کو ستیہ گرہ میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پولیس سوامی نرسنگھانند کو لیکر ہری دوار کوتوالی پہنچی جہاں ان کے پیچھے بڑی تعداد میں ان کے حامی اور دھرم سنسد کی کور کمیٹی کے اراکین کوتوالی پہنچے۔ کوتوالی میں حامیوں نے نرسنگھانند کی گرفتاری پر ہنگامہ کرنا شرو ع کر دیا۔ اسی دوران کوتوالی پہنچی بغیر نمبر پلیٹ کی ایمبولنس سے نرسنگھانند کو اسپتال لے جانے کے لئے پولیس نے کوشش کی جس پر حامیوں کے ہنگامہ کے مدنظر پولیس نے لاٹھیاں مارکر انہیں منتشر کیا اور وہاں سے ایمبولنس کو روانہ کیا اور بعد میں نرسنگھانند کو پولیس جیپ میں بٹھاکر ہرملاپ مشن اسپتال لے جایا گیا، جہاں میڈیکل کے بعد ان کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔


نرسنگھانند گزشتہ تین دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کو صحت سے متعلق پریشانیاں شروع ہوگئی تھیں، نرسنگھانند کی گرفتاری کے بعد دھرم سنسد کے کنوینر سوامی آنند سوروپ نے ستیہ گرہ جاری رہنے کا اعلان کیا ہے اور گرفتاری کی مذمت اور مخالفت کی ہے اور اکھاڑہ پریشد اکھاڑے کے سنتوں سے ہندووں کے ساتھ سامنے آنے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ ہیٹ اسپیچ معاملے میں پولیس نے جمعرات کو جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کو اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ نرسن بارڈر پر ہری دوار میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور ان کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ آج ان کی ضمانت کی عرضی پر چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں سماعت ہوئی جہاں ان کی ضمانت کی عرضی کو خارج کر دیا گیا۔ ہیٹ اسپیچ معاملے میں جتیندر تیاگی جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کے علاوہ سوامی دھرم داس، سادھوی اننا پورنا، سندھو ساگر مہاراج اور یتی نرسنگھانند کے خلاف ہردوار کوتوالی میں معاملہ درج ہے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ نرسنگھانند کو ان کے خلاف تیسرے مقدمے، جس میں خواتین کے خلاف تبصرہ کئے جانے کا الزام ہے، کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سی او سٹی شیکھر سویال کا کہنا ہے کہ سوامی یتی نرسنگھانند کو، جن کے خلاف کوتوالی میں معاملہ دائر تھا، آج گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یتی نرسنگھانند پر جو دو تین مقدمے چل رہے تھے اور ان کا جرم دہرایا جا رہا تھا اس بنیاد پر ان کی گرفتاری ہوئی ہے۔

دھرم سنسد کے کنوینر سوامی آنند سوروپ کا کہنا ہے کہ یتی نرسنگھانند جی ہمارے ہیرو ہیں لیکن یہ اچھا ہے کہ انہوں نے متعدد لوگوں کو ٹرینڈ کر دیا ہے اور ہم لوگ ستیہ گرہ جاری رکھیں گے۔ جس طرح حکومت نے ہندو مخالف اور سنت مخالف اپنا چہرہ دکھایا ہے اور یہ انتخابات کا بہانہ جس میں تمام بڑی طاقتیں مصروف ہوگئی ہیں۔ جب ہم نے وزیراعلی کے خلاف مورچہ کھولا تو ہمارا ہیرو گرفتار ہوگیا لیکن یہاں سب ہیرو ہیں جن میں سے کوئی پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے۔ چونکہ کووڈ۔19گائڈ لائنس آگئی تھیں تو ہم نے اس ’پرتیکار سبھا‘ کو محدود کیا تھا اور کہا تھا کہ اپنی اپنی جگہ پر ہی یگ وغیرہ کرکے پرتیکار کرنے کا کام کیجئے، کیونکہ آپ سنتوں کے اوپر مقدمے درج ہونے لگے ہیں توعام ہندو کا کیا حال ہوگا آپ تصور کرسکتے ہیں۔ یہ کم از کو پچاس سنتوں کا گروپ ہے جو پہلی بار ہندو مذہب کے لئے زندہ ہوا ہے، کھڑا ہوا ہے اور یہ ستیہ گرہ جاری رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔