ہاردک پٹیل 15 ہزار حامیوں کے ساتھ 2 جون کو تھامیں گے بی جے پی کا ہاتھ!
طویل مدت سے قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ کانگریس سے ناراض ہو کر استعفیٰ دینے والے ہاردک بی جے پی میں شامل ہوں گے، اب یہ قیاس آرائیاں حقیقت کا جامہ پہننے والی ہیں۔
پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل جلد ہی بی جے پی کا ہاتھ تھامنے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راجدھانی گاندھی نگر واقع بی جے پی دفتر میں ہاردک پٹیل پارٹی کی رکنیت اختیار کریں گے۔ ہاردک پٹیل بی جے پی کی گجرات یونٹ کے صدر سی آر پاٹل کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوں گے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ہاردک کے ساتھ ان کے 15 ہزار حامی بھی بی جے پی کا دامن تھامیں گے۔
طویل مدت سے قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ کانگریس سے ناراض ہو کر استعفیٰ دینے والے ہاردک بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ اب یہ قیاس آرائیاں حقیقت کا جامہ پہننے والی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس ضمن میں بی جے پی کی طرف سے کوئی آفیشیل اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاٹیدار تحریک سے متعلق ہاردک کے خلاف چل رہے معاملے پر انھیں عدالت نے راحت دی تھی، یعنی ہاردک کے انتخاب لڑنے کا راستہ بھی صاف ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہاردک پٹیل نے 2019 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ 11 جولائی 2020 کو کانگریس میں ریاستی کارگزار صدر کے عہدہ پر مقرر کیے گئے تھے۔ لیکن وہ اس سے مطمئن نہیں تھے۔ گزشتہ دنوں استعفیٰ دیتے ہوئے ہاردک نے کہا تھا کہ ان کو پارٹی نے آزادانہ طور پر فیصلے لینے کا اختیار نہیں دیا۔ کچھ دیگر باتوں کو لے کر بھی ہاردک کو اعتراض تھا جس کے بعد خفا ہو کر انھوں نے 18 مئی 2022 کو ہاتھ کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔