بہار میں بڑا گھوٹالہ! پٹنہ کے 900 ’کاغذی‘ صفائی ملازمین غائب، پیسوں کی ہیر پھیر کی تحقیقات شروع
جب مئی کے مہینے میں بائیو میٹرک حاضری کا اندراج کرنا لازمی قرار دیا گیا، تو 900 صفائی ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں ان کی حاضری لگاتار درج ہوتی تھی۔
پٹنہ: بہار میں پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے 900 ملازمین گزشتہ کئی دنوں سے 'لاپتہ' ہیں۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اس معاملے میں قصوروار ملازمین اور آؤٹ سورسنگ کمپنی کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئی اے این ایس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بائیو میٹرک حاضری شروع ہوئی۔
پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں 75 وارڈوں میں 2200 صفائی ملازمین آؤٹ سورس کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان صفائی کارکنوں کی حاضری پہلے رجسٹر میں درج ہوتی تھی لیکن جب زیادہ تر صفائی ملازمین کے غائب ہونے کی شکایت میونسپل کمشنر انیمیش پراشر تک پہنچی تو انہوں نے سختی کرنا شروع کر دی۔ بعد ازاں جب مئی کے مہینے میں بائیو میٹرک حاضری کا اندراج کرنا لازمی قرار دیا گیا، تو 900 صفائی ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں ان کی حاضری لگاتار درج ہوتی تھی۔
اس گڑبڑی کا پتہ چلنے کے بعد میونسپل کمشنر نے کارروائی کا حکم دیا ہے۔ پراشر نے کہا کہ 2200 صفائی ملازمین میں سے 900 صرف کاغذ پر پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ ان کی تنخواہوں میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے معاملے سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس میں ملوث آؤٹ سورسنگ ایجنسی کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ پاراشر کا یہ بھی ماننا ہے کہ کاغذات پر صفائی کرنے والوں کی موجودگی کی وجہ سے صفائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی 900 صفائی ملازمین کی بحالی کی جائے گی۔
وہیں، صفائی ملازمین کے بینک کھاتوں کی چھان بین کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ میونسپل کمشنر کے مطابق اگر جعلی صفائی ملازم کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین کی جائے گی تو ان اکاؤنٹس سے پیسے نکالنے والے صفائی ملازمین اور ملازمین پر بھی گاج گرنی طے ہے جو کھاتوں سے روپے نکالتے ہیں۔
میونسپل کمشنر نے کہا کہ یکم جون سے نیا نظام لاگو کیا جائے گا، جس کے تحت وارڈ سطح پر حاضری لی جائے گی اور کڑی نظر رکھی جائے گی۔ قصور وار ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایک ہزار نئے مزدوروں کو صفائی کے کام پر لگایا جائے گا، اس سے صفائی پر بہتر اثر پڑے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔