حج 2023: زائد ہوائی کرایہ کا معاملہ عدالت پہنچا، مرکزی حج کمیٹی کو 10 دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت

اورنگ باد، ناگپور سے روانہ ہونے والے عازمین حج سے زائد ہوائی کرایہ وصولی کے خلاف عازمین حج عدالت پہنچے تھے، ان کا مطالبہ ہے کہ مرکزی حج کمیٹی اضافی کرایہ واپس لینے کا اعلان کرے۔

عازمین حج، علامتی تصویر یو این آئی
عازمین حج، علامتی تصویر یو این آئی
user

محی الدین التمش

ممبئی: 21 مئی سے ہندوستانی عازمینِ حج کا حجِ بیت الله کیلئے روانگی کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ اس کے باوجود مہاراشٹر کے اورنگ آباد، ناگپور اور ریاست مدھیہ پردیش کے بھوپال اور اندور امبارکیشن پوائنٹس سے سفر حج کیلئے روانہ ہونے والے عازمین حج کے معاملہ میں ہنوز کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو پائی ہے۔ ان چاروں امبارکیشن پوائنٹس سے روانہ ہونے والے عازمین حج اضافی ہوائی کرایہ میں تخفیف اور دوسری صورت میں امبارکیشن پوائنٹ میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن مرکزی حکومت کی جانب ابھی تک کوئی مثبت جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں عازمین حج پریشانی کا شکار ہیں۔

ناگپور امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ممبئی امبارکیشن پوائنٹ کے مقابلے 62 ہزار روپئے زائد ادا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اورنگ آباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ممبئی امبارکیشن پوائنٹ کے مقابلے تقریباً 88 ہزار روپئے زائد ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی طرح بھوپال امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو 68 ہزار اور اندور امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو 53 ہزار کی زائد رقم ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ ان چاروں امبارکیشن پوائنٹس سے روانہ ہونے والے عازمین میں زائد رقم کی ادائیگی کے سبب بے چینی ہے۔ اورنگ آباد اور ناگپور امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے تقریباً ایک ہزار عازمین حج نے امبارکیشن پوائنٹ میں تبدیلی کی درخواست مرکزی حج کمیٹی کو دی ہے لیکن اس معاملے میں ہنوز کوئی پیش رفت ہونا باقی ہے۔


سنٹرل تنظیم کمیٹی محمد علی سرائے مومن پورہ ناگپور کے جنرل سکریٹری حاجی محمد کلام نے بتایا کہ گزشتہ حج سیزن میں ممبئی اور ناگپور امبارکیشن پوائنٹ کے درمیان ہوائی کرایہ میں صرف چار ہزار روپئے کا فرق تھا لیکن اس سال یہ فرق 16 گنا زیادہ یعنی 62 ہزار روپئے کا ہو گیا ہے۔ ناگپور امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ممبئی کے مقابلے مین ہوائی کرائے کے 62 ہزار روپئے زائد ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ حاجی محمد کلام نے بتایا کہ ناگپور امبارکیشن پوائنٹ سے ناگپور ودربھ کے علاوہ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے کل تین ہزار عازمین حج سفر حج کیلئے روانہ ہو رہے ہیں ان میں بیشتر عازمین نے زائد کرائے کے سبب امبارکیشن پوائنٹ میں تبدیلی کی درخواست بھی دی ہے لیکن مرکزی حج کمیٹی نے تبدیلی کے امکانات کو خارج کر دیا۔

معاملہ عدالت میں:

اورنگ آباد اور ناگپور کے عازمین حج نے کرایہ میں اضافے کے معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ اورنگ آباد خادم الحجاج کمیٹی کے کارگزار صدر مرزا رفعت بیگ نے بتایا کہ اورنگ آباد مراٹھواڑہ کے عازمین حج نے بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ میں کرایہ میں اضافے کے خلاف اور امبارکیشن پوائنٹ کی تبدیلی کے متعلق عرضداشت داخل کی ہے۔ عدالت نے مرکزی حج کمیٹی کو دس دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔


ناگپور وردبھ کے عازمین حج ایوب خان نعمت خان،  فیروزہ بی ناصر خان اور ناصر خان سردار خان نے بھی بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ میں انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ محمد عتیق نے بتایا کہ عام دنوں میں ناگپور سے جدّہ کا ہوائی سفر کا کرایہ 38 سے 40 ہزار ہوتا ہے لیکن جب حج کا موقع آتا ہے تو یہی کرایہ 80 سے 90 ہزار تک پہنچ جاتا ہے۔ ایڈوکیٹ عتیق نے بتایا کہ عدالت سے زائد ہوائی کرایے میں کمی اور زائد وصول شدہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دستور ہند کے آرٹیکل 14 کے تحت کرایہ میں مساوات کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ عتیق نے بتایا کہ عدالت سے یونیفارم حج پالیسی بنانے کے متعلق مرکزی حکومت کو ہدایت جاری کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود کا مدھیہ پردیش حج کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ:

بھوپال اور اندور امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کے کرایہ میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف بھوپال سے کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود نے ریاستی حج کمیٹی کی رکنیت سے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ عارف مسعود نے اندور اور بھوپال امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کے کرایہ میں اضافے اور مرکزی و ریاستی حج کمیٹیوں کی ناکامی کے سبب مدھیہ پردیس حج کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔ عارف مسعود نے حج کمیٹی کی جانب سے ہوائی کرایہ میں اضافے کو دھاندلی بتاتے ہوئے بھوپال کے ایک پولیس تھانہ میں مرکزی حج کمیٹی کے خلاف شکایت درج کرائی اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ عارف مسعود نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں بھوپال ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔


کانگریس اور این سی پی لیڈران کا امبارکیشن پوائنٹس کے کرایہ میں تضادات کو دور کرنے کا مطالبہ:

این سی پی سپریمو شرد پوار اور اجیت پوار نے وزیراعظم مودی، وزیر اعلیٰ مہاراشٹر شندے اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر کے مختلف امبارکیشن پوائنٹس کے درمیان قابلِ ادائیگی فیس کے تضادات کو ختم کیا جائے۔ کانگریس لیڈر عارف نسیم خان اور ناگپور سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر و کانگریس لیڈر انیس احمد نے بھی اسمرتی ایرانی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ناگپور اور اورنگ آباد امبارکیشن پوائنٹس کے عازمین حج کے کرایہ میں تخفیف کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزی حج کمیٹی کا غیرواضح موقف:

مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر یعقوب شیخا نے ناگپور اور اورنگ آباد امبارکیشن پوائنٹس کے کرایہ میں اضافہ اور امبارکیشن کی تبدیلی کے متعلق عازمین کی درخواستوں پر واضح جواب دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مرکزی حکومت کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔ مرکزی حکومت کو عازمین کے مسائل کے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔