آر بی آئی نے 2000 روپے کے نوٹ کا سرکولیشن بند کرنے کا کیا فیصلہ، 30 ستمبر تک بینک سے کرا لیں ایکسچینج!
ریزرو بینک آف انڈیا کا کہنا ہے کہ آپ 23 مئی سے ایک بار میں 20 ہزار روپے تک کے ہی 2000 روپے کے نوٹ بدل یا جمع کر سکتے ہیں۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 2000 روپے کے سبھی نوٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آر بی آئی نے سبھی بینکوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری اثر سے 2000 روپے کے نوٹ جاری کرنا بند کر دیں۔ حالانکہ فی الحال 2000 روپے کے نوٹ ’ناجائز کرنسی‘ نہیں ہیں اور اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن آر بی آئی نے بتایا ہے کہ 30 ستمبر تک ہی یہ نوٹ جائز کرنسی کی شکل میں سرکولیشن میں رہیں گے۔ گویا کہ جن لوگوں کے پاس ابھی 2000 روپے کا نوٹ ہے، انھیں بینک سے 30 ستمبر تک ایکسچینج کرنا ہوگا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آپ بینک سے 2000 روپے کے نوٹ پر مشتمل بڑی رقم ایک ساتھ ایکسچینج بھی نہیں کر پائیں گے۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ آپ 23 مئی سے ایک بار میں 20 ہزار روپے تک کے ہی 2000 روپے کے نوٹ بدل سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کے لیے بینکوں کو اسپیشل وِنڈو کھولنا ہوگا۔ اس کے علاوہ آر بی آئی نوٹ بدلنے اور جمع کرنے کے لیے 19 برانچ کھولے گا۔
آر بی آئی نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ 19-2018 میں ہی 2000 روپے کا نوٹ چھاپنا بند کر دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2000 روپے کے نئے نوٹ بازار میں آئے ہوئے ابھی بہت زیادہ دن بھی نہیں ہوئے ہیں۔ نومبر 2016 میں نوٹ بندی کے بعد 2000 روپے کے نئے نوٹ بازار میں آئے تھے۔ نوٹ بندی کے وقت 500 اور 1000 روپے کے نوٹ کو بند کر دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ یہ قدم بدعنوانی کو ختم کرنے اور چھپ رہے جعلی نوٹ پر لگام لگانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔