حج 2025 سہولیات سے پر ہوگا، اس ماہ کے آخر میں اعلان متوقع

وزیرِ موصوف نے مزید کہا اگر ایک ہندوستانی حاجی بھی ہمارے انتظامات سے مطمئن اور خوش ہے تو آپ یقین جانئے کہ ہماری محنت کارگر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

حج 2024 مکمل ہوگیا۔ تمام ہندوستانی حجاج کرام خوشگوار اور پُر سکون ماحول میں فریضہ حج کی مکمل ادائیگی کے بعد 19 امبارکیشن پوائنٹس اور 473 پروازوں کے زریعے کل وطن واپس پہنچ گئے ۔ دہلی کے آئی جی آئی انٹر نیشنل ائیر پورٹ اور ممبئی کے چھتر پتی مہاراج انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر حج کمیٹی آف انڈیا کے سی۔ ای۔ او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی، کے ساتھ حج کمیٹی آف انڈیا کے سینئر اسٹاف، ریاستی حج کمیٹی، حج سے متعلق تمام ایجنسییز کے ذمہ داران اور مختلف حج رضا کار تنظیموں کے نمائندوں نے حجاج کرام کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ وطن پہنچے 95 فیصد سے زائد حجاج کرام نے سعودی عرب میں حج کمیٹی آف انڈیا اور قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کے ذریعہ کیے گئے انتظامات پر اطمینان و خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ ہند خصوصاً وزارتِ اقلیتی امور کا شکریہ ادا کیا ہے-حج 2024 حکومت ہند خصوصاً وزارت اقلیتی امور کی خصوصی نگرانی اور دلچسپی سے کئی اعتبار سے مثالی رہا۔ جس کی وضاحت کرتے ہوئے وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند میں ڈائرایکٹر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سی-ای- او، ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی نے بتایا کہ حج 2024 میں ہندوستانی حجاج کرام کو سہولیات کے عنوان سے تاریخِ حج میں پہلی بار کئی یادگار اور بے مثل تحفے ملے مثلاً مدینہ منورہ میں تمام ہندوستانی حجاج کو مرکزیہ یعنی حرمِ نبوی کے بالکل نزدیک ٹہرایا گیا۔

جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے مکہ مکرمہ تک براہ راست 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز رفتار ٹرین "حرمین ٹرین" میں آرام دہ سفر کا موقع ملا۔ مشاعر مقدسہ میں تمام حجاج کرام کا قیام مخصوص معینہ حدود میں کرایا گیا حج سیودھا ایپ کی شکل میں تمام حجاج کو ایک ایسا مددگار فراہم کیا گیا جو تمام لازمی ضروریات کے ساتھ حجاج کی صحت و تندرستی میں بھی مدد گار و معاون ثابت ہوا۔ متعدد مقامات / امبارکیشن سے حجاج کرام کو ہوائی جہاز کے کرایہ میں بھاری چھوٹ ملی۔ ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا کہ حج 2025 کو اور بھی بہتر اور سہولیات سے لبریز بنانے کے لیے مرکزی وزیر اقلیتی امور عزت مآب کرن رجیجو جی، محترم جارج کیرن وزیرِ مملکت اقلیتی امور کی سرپرستی میں پوری سنجیدگی کے ساتھ کوشش شروع کردی گئی ہے۔ تاریخِ حج میں پہلی بار حج ریویو میٹنگ کا انعقاد مرکزی وزیر کی صدارت میں رواں حج مکمل ہونے سے پہلے ہوا ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور کرن رجیجیو نے حج ریوینو میٹنگ میں وزیر مملکت اقلیتی امور جارج کیرن کی موجودگی میں اعلیٰ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تنقیدی اور منفی سوچ رکھنے والے عناصر سے خوف ذدہ یا مایوس ہونے یا انھیں جواب دینے میں وقت برباد کرنے سے بہتر ہے کہ آپ حجاج کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی راہیں تلاش کریں۔ وزیرِ موصوف نے مزید کہا اگر ایک ہندوستانی حاجی بھی ہمارے انتظامات سے مطمئن اور خوش ہے تو آپ یقین جانئے کہ ہماری محنت کارگر ہے۔


مرکزی وزیر کرن رجیجیو نے مزید کہا آپ اپنا کام دیش کے سامنے ضرور لائیں، حج ڈویژن اورحج کمیٹی آف انڈیا برسوں سے حج اور حجاج کے عنوان سے نمایاں خدمت انجام دے رہیں ہیں لیکن یہ ابھی اپنے کارناموں کو ملکی شہریوں تک پہچانے میں پوری طرح کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ ضرورت ہے کہ میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر زرائع سے اپنی خدمات شہریوں تک پہنچائیں تاکہ ملک کے معزز شہری گمراہ نہ ہو سکیں ۔سی، ای، او ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا کہ حج 2025 کا اعلان رواں مہینے کے آخر تک متوقع ہے خواہشمند عازمین انٹر نیشنل پاسپورٹ جو قانونی طور پر 15 جنوری 2026 تک لائق سفر ہو تیار رکھیں۔

حج 2024 کی کامیابی پر حج کمیٹی آف انڈیا کے سی، ای، او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی نے حجاج کرام کا شکریہ اداکیا کہ انھوں نے دونوں ممالک کی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے کامیاب حج کی تکمیل کی۔ ڈاکٹر آفاقی نے سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور سابق وزیر مملکت محترم جان برلا کابینہ سیکرٹری کے سری نواس، جوائنٹ سیکرٹری سی، پی، ایس بخشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنکی لائق سرپرستی، خصوصی دلچسپی اور امورِ حج میں مکمل تعاون حج کی کامیابی کا بڑا سبب بنا۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے حج سے وابستہ ملک کی چار دیگر وزارتوں یعنی وزاراتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، وزارتِ شہری ہوا بازی اور وزارتِ صحت کا بھی شکریہ ادا کیا جنکے باہمی تعاون سے حج 2024 مثالی حج بن سکا۔ ڈاکٹر آفاقی نے قونصل جنرل آف انڈیا ، حج قونصل، ریاستی حج کمیٹیوں، حج کوڈی نیٹرس، میڈیکل اور ایڈمن ڈیپوٹیشنسٹس، خادم الحجاج، حج رضا کاران، ایئر لائنز،حج کمیٹی آف انڈیا کے تمام افسران و اسٹاف، ایئر پورٹ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حج کے کامیاب انتظامات کسی ایک شخص یا ادارے سے ممکن نہیں بلکہ یہ بہت بڑا ٹیم ورک ہے۔ جس کے لیے میں حج سے وابستہ ہر فرد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔