گیان واپی مسجد معاملہ پر کل پھر ہوگی سماعت، سروے کی نئی تاریخ دیے جانے کا امکان

ضلع عدالت میں پیر کے روز ہوئی سماعت کے دوران دونوں فریقین نے اپنی دلیل پیش کی، دونوں فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے منگل کا وقت دیا۔

گیان واپی مسجد، وارانسی، تصویر آئی اے ین ایس
گیان واپی مسجد، وارانسی، تصویر آئی اے ین ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش واقع وارانسی میں کاشی وشوناتھ مندر اور گیان واپی مسجد معاملے میں منگل کو پھر سماعت ہوگی۔ وارانسی کی ایک ضلع عدالت نے پیر کے روز اس معاملے میں سماعت کی، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منگل کے روز سروے کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق عدالت کے پاس کمشنر کو بدلنے کے مطالبہ والی عرضی بھی موجود ہے، اس پر بھی سماعت منگل کے روز ہونی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ سروے کا کام پورا نہیں ہو پایا تھا جس کی وجہ سے عدالت کو ایک بار پھر نئی تاریخ کا اعلان کرنا ہوگا۔ اس تعلق سے منگل کے روز دو بجے سماعت ہوگی۔

ضلع عدالت میں پیر کے روز ہوئی سماعت کے دوران دونوں فریقین نے اپنی دلیل پیش کی۔ دونوں فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے منگل کا وقت دیا۔ ایسے میں اب منگل کو ہی یہ واضح ہو پائے گا کہ ایڈووکیٹ کمشنر اجئے مشرا ہی رہیں گے یا کوئی اور رہے گا۔ عدالت کے ذریعہ منگل کی تاریخ دیے جانے کے بعد یہ صاف ہو گیا ہے کہ منگل کو سروے کا کام نہیں ہوگا۔ خبروں کے مطابق اگر اجئے مشرا ہی کمشنر رہیں گے تب بھی سروے کی نئی تاریخ دی جائے گی اور اگر کوئی دیگر کمشنر بنایا جاتا ہے تو بھی نئے سرے سے پورا عمل انجام پائے گا۔


اس سے قبل ہفتہ کو عدالت نے مسجد انتظامیہ کمیٹی کی طرف سے عدالت کے ذریعہ شرنگار گوری مندر اور گیان واپی مسجد کے سروے اور ویڈیوگرافی کے لیے مقرر کمشنر (کورٹ کمشنر) کو بدلنے کے مطالبہ والی عرضی پر اپنا حکم 9 مئی تک کے لیے محفوظ رکھ لیا تھا۔ عدالت کے ذریعہ مقرر کمشنر ہندو اور مسلم دونوں فریقین کے وکیلوں کے ساتھ گیان واپی-شرنگار گوری مندر احاطہ کے اندر گئے، لیکن تقریباً دو گھنٹے اندر گزارنے کے بعد سروے ٹیم بغیر کام پورا کیے ہی باہر آ گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔