گیانیش کمار اور سکھبیر سندھو بنیں گے نئے الیکشن کمشنر، ادھیر رنجن چودھری نے پینل پر اٹھائے سوال
ادھیررنجن چودھری نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں حکومت اکثریت میں ہے اس لیے وہ جو چاہے گی وہی ہوگا۔ اس نے الیکشن کمشنر کے نام کا فیصلہ کیا ہے۔
سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار کو ملک کے اگلے الیکشن کمشنر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ دونوں بیوروکریٹس ہیں اور انہیں الیکشن کمشنر بنانے کا فیصلہ پی ایم مودی کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔ یہ دعویٰ کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کیا ہے۔ وہ ای سی کو منتخب کرنے والی پی ایم مودی کی سربراہی والی اس کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوئے تھے جس میں وزیر داخلہ امت شاہ و وزیر قانون ارجن رام میگھوال بھی موجود تھے۔
کمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ‘‘وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، میں اور ارجن رام میگھوال میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ میں شرکت سے پہلے ہی میں نے ایک مختصر فہرست مانگی تھی۔ ایسا اس لیے کہ انتخاب سے پہلے مختصر فہرستیں بنتی ہیں۔ اگر دہلی پہنچتے ہی مجھے وہ فہرست مل جاتی تو مجھے امیدواروں کے بارے میں معلومات مل جاتی لیکن میٹنگ میں شریک ہونے سے قبل مجھے وہ نہیں مل سکی۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’مجھے جو فہرست دی گئی اس میں میں 212 نام تھے۔ میں کل رات ہی دہلی آیا ہوں اور صبح 12 بجے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں جانے سے پہلے تمام ناموں کے بارے میں جاننا مشکل تھا۔ ہماری کمیٹی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ہیں اور اپوزیشن میں سے صرف میں ہوں۔ اس کمیٹی میں شروع سے ہی اکثریت حکومت کے حق میں ہے۔ میں کچھ کہوں یا نہ کہوں، جو حکومت چاہے گی وہی فیصلہ ہوگا۔ حکومت کی منشا کے مطابق الیکشن کمشنر کا انتخاب ہوگا۔‘‘
ادھیر رنج چودھری نے مزید کہا کہ ’’چیف جسٹس آف انڈیا کو اس کمیٹی میں ہونا چاہیے تھا۔ گزشتہ سال بنائے گئے قانون نے اس میٹنگ کو ایک رسمی میٹنگ بنا دیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہ کہ ’’حکومت پینل میں اکثریت میں ہے جس نے الیکشن کمشنر کے نام کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسی صورت حال میں وہ جو چاہتے ہیں وہ ہوتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔