گروگرام: گلوکار دلیر مہندی سمیت تین لوگوں کے فارم ہاؤس سیل، غیر قانونی تعمیرات کا الزام

مشہور پنجابی گلوکار دلیر مہندی ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، گروگرام ضلع انتظامیہ کے افران نے سوہنا میں دمدما جھیل کے پاس گلوکار دلیر مہندی سمیت تین لوگوں کے فارم ہاؤس کو سیل کر دیا ہے۔

دلیر مہندی، تصویر آئی اے این ایس
دلیر مہندی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ محکمہ (ڈی ٹی سی پی) نے سوہنا میں دمدما جھیل کے پاس مشہور پنجابی گلوکار دلیر مہندی کے ایک فارم ہاؤس سمیت تین لوگوں کے فارم ہاؤسز کو سیل کر دیا ہے۔ ایک افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز سونیا گھوش بنام ہریانہ ریاست معاملے میں نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے احکامات پر عمل میں تین فارم ہاؤسز کے خلاف سیلنگ مہم چلائی گئی تھی۔

ضلع ٹاؤن پلانر امت مدھولیا کی قیادت میں اسسٹنٹ ٹاؤن پلانر سمیت ملک، دنیش سنگھ، روہن اور شبھم نے ڈیوٹی مجسٹریٹ لچھی رام، نائب تحصیلدار، سوہنا کی موجودگی میں سیلنگ مہم چلائی۔ ٹیم کے ساتھ سوہنا صدر تھانہ کی پولیس ٹیم بھی تعینات رہی۔


ضلع ٹاؤن پلانر امت مدھولی کا کہنا ہے کہ یہ جھیل کے تالاب والے علاقہ میں اتھارٹی سے قبل اجازت کے بغیر بنائے گئے غیر قانونی فارم ہاؤس تھے۔ یہ اراولی علاقہ میں واقع تھے۔ محکمہ کے ایک افسر نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر اس کی تصدیق کی ہے کہ تین فارم ہاؤس میں سے ایک گلوکار دلیر مہندی کا ہے، جو تقریباً 1.5 ایکڑ کی زمین پر بنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔