گجرات: موربی کے بی جے پی کونسلروں نے گجرات حکومت کے خلاف کھولا محاذ، وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو لکھا خط
موربی میونسپلٹی کے 52 منتخب ممبران میں سے 47 نے وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اوریوا گروپ کو مرمت کا ٹھیکہ دینے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔
گاندھی نگر: موربی کے کونسلروں نے بلدیہ کے حقوق کو غصب کرنے کے گجرات حکومت کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔ کونسلروں نے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو خط لکھ کر ریاستی حکومت کے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔ 30 اکتوبر کو دریائے ماچھو پر معلق پل کے گرنے کے بعد، جس میں 135 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
گجرات حکومت نے گجرات ہائی کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ وہ میونسپلٹی کے اختیار کو اپنے کنٹرول میں لے لے گی۔ موربی میونسپلٹی کے 52 منتخب ممبران میں سے 47 ممبران نے اس کی مخالفت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں ان کونسلروں نے کہا ہے کہ اوریوا گروپ کو مرمت کا ٹھیکہ دینے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔
کونسلرز نے خط میں کہا ہے کہ یہ بلدیہ کے چیئرمین، وائس اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کا فیصلہ تھا۔ تمام 52 کونسلر بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔ کونسلروں میں سے ایک دیوابھائی اڈاویہ نے آئی اے این ایس سے کہا، ’’ہم 47 کونسلروں کو نہیں معلوم کہ میونسپلٹی اور اوریوا گروپ کے درمیان کوئی معاہدہ ہوا تھا یا نہیں۔ اس قرارداد کو کبھی جنرل بورڈ میں ووٹ دینے کے لیے نہیں رکھا گیا۔ ایسے میں حکومت تمام 52 کونسلروں کو غفلت کا ذمہ دار کیسے ٹھہرا سکتی ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کے حقوق غصب کرنے کے بعد نئے انتخابات ہونے کے بعد بھی ان جیسے لیڈروں کو بلدیہ میں دوبارہ منتخب ہونے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی لیکن جو لوگ تھوڑے مارجن سے الیکشن جیتتے ہیں یا پھر انتخابی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، انہیں سزا کیوں دی جائے؟
بی جے پی میونسپل لیڈر کملیش دیسائی نے کہا ہے کہ 47 کونسلروں نے خط پر دستخط کئے ہیں۔ وہ مزید دو خطوط پر دستخط کریں گے۔ وہ اسے وزیر اعلیٰ کو بھیجنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور ذاتی ملاقات کی درخواست بھی کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔