گجرات: کورونا اسپتال میں آتشزدگی کے سبب کم از کم 18 افراد لقمہ اجل، صدر، نائب صدر اور پی ایم کا اظہار تعزیت

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بھروچ۔ جمبوسار بائی پاس روڈ پر واقع پٹیل ویلفیئر اسپتال میں پیش آیا۔ جہاں آئی سی یو کے ایک یونٹ میں آگ لگ گئی، مقامی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھروچ: گجرات کے بھروچ میں گزشتہ شب ایک پرائیویٹ اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگنے سے کم از کم 18 افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں اسپتال کے دو کارکن بھی شامل ہیں۔ اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بھروچ۔ جمبوسار بائی پاس روڈ پر واقع پٹیل ویلفیئر اسپتال میں پیش آیا۔ آدھی رات کے بعد تقریباً رات ساڑھے بارہ بجے اس کے دو آئی سی یو میں سے ایک یونٹ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ بہت سے مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے ممکن ہے کہ یہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا ہوگا۔


ذرائع نے بتایا کہ چند مریضوں کی موت منتقلی کے دوران ہوئی ہوگی۔ اس سے پہلے بھی کورونا بحران کے دوران گجرات کے راجکوٹ، احمد آباد میں ایسے واقعات میں متعدد مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔

وزیر اعظم کا اظہار تعزیت

وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے بھروچ کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے ہوئی اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم مودی نے ہفتے کے روز ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ ’’بھروچ کے اسپتال میں آگ لگنے سے لوگوں کی موت ہونے سے دلبرداشتہ ہوں۔ سوگوار کنبوں کے تیئں میری تعزیت‘‘۔


صدر کا اظہار افسوس

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے گجرات کے بھروچ میں واقع ایک اسپتال میں آگ لگنے سے ہوئی اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ رام ناتھ کووند نے ہفتے کے روز ٹوئٹ کر کے کہا ’’ گجرات کے بھروچ کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے مریضوں اور نرسوں کی موت کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا ’’ اس حادثے میں سوگوار کنبوں کے تیئں میری تعزیت ‘‘۔

نائیڈو کا بھی افسوس کا اظہار

نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے گجرات کے بھروچ میں واقع ایک اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ نائیڈو نے ہفتہ کو یہاں جاری یہاں ایک پیغام میں پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا ’’گجرات کے بھروچ میں واقع ایک اسپتال میں آگ لگنے سے ہوئی مریضوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری تعزیت اور دعائیں، سوگوار کنبوں کے ساتھ ہیں اور ایشور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔