گجرات اسمبلی انتخاب: دوسرے مرحلہ کی پولنگ بھی ختم، 93 نشستوں پر تقریباً 59 فیصد ووٹنگ، نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو
آج احمد آباد، وڈودرا، گاندھی نگر اور دیگر اضلاع میں پھیلے سبھی اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے جہاں 61 سیاسی پارٹیوں کے مجموعی طور پر 833 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔
آج گجرات کے 14 اضلاع میں 93 اسمبلی نشستوں کے لیے دوسرے مرحلے کی پولنگ ہوئی۔ ابھی تک موصول خبروں کے مطابق 5 بجے تک تقریباً 59 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ پہلے مرحلے میں 89 سیٹوں کے لیے یکم دسمبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اب سبھی کو بے صبری کے ساتھ 8 دسمبر کا انتظار ہے جب گجرات کی 182 اسمبلی سیٹوں کے لیے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اب تک موصول ڈاٹا کے مطابق دوسرے مرحلہ میں سب سے زیادہ ووٹنگ سابرکانٹھا میں 65.84 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جبکہ سب سے کم ووٹنگ احمد آباد میں 53.16 فیصد ہوئی۔ آج احمد آباد، وڈودرا، گاندھی نگر اور دیگر اضلاع میں پھیلے سبھی اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے جہاں 61 سیاسی پارٹیوں کے مجموعی طور پر 833 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ گجرات میں پہلے مرحلہ میں جب 89 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے تو 788 امیدوار میدان میں تھے۔ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ 82.71 فیصد ووٹنگ نرمدا ضلع کے ڈیڈیاپاڈا میں ہوئی تھی اور سب سے کم پولنگ 47.86 فیصد کَچھ ضلع کے گاندھی دھام سیٹ پر ہوئی تھی۔ پہلے مرحلہ میں مجموعی طور پر تقریباً 63 فیصد ووٹ ڈالے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
بہرحال، نتیجہ کے لیے اب سبھی کو بے صبری سے 8 دسمبر کا انتظار ہے۔ گزشتہ 27 سالوں سے گجرات میں برسراقتدار بی جے پی لگاتار ساتویں بار حکومت سازی کی امید لگائے بیٹھی ہے، جبکہ کانگریس اس بار بڑی تبدیلی کی امید کر رہی ہے۔ اس بار گجرات اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بھی اپنے امیدوار اتارے ہیں، لیکن سیاسی ماہرین کے مطابق اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہی دیکھنے کو ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔