صحافی گوری لنکیش کے قتل کا ملزم شری کانت پنگارکر شندے شیو سینا میں شامل
مہاراشٹر میں، شریکانت پنگارکر نے ایکناتھ شندے دھڑے کے رہنما ارجن کھوتکر کی موجودگی میں شندے شیوسینا میں شمولیت اختیار کی، انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے عین قبل صحافی گوری لنکیش کے قتل کیس کے ملزم شری کانت پنگارکر نے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کے دھڑے شیو سینا میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ گوری لنکیش کو 5 ستمبر 2017 کو بنگلورو میں ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا ۔
کرناٹک میں پولیس نے مہاراشٹر کی ایجنسیوں کی مدد سے کی گئی تحقیقات میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ پنگارکر غیر منقسم شیوسینا میں تھے۔ وہ 2001 اور 2006 کے درمیان جالنا میونسپل کارپوریشن کے کونسلر تھے۔ انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم کرناٹک ہائی کورٹ نے اس سال 4 ستمبر کو انہیں ضمانت دے دی تھی۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق شیو سینا نے انہیں 2011 میں ٹکٹ نہیں دیا تھا جس کی وجہ سے وہ ہندو جنجاگرتی سمیتی میں شامل ہو گئے تھے۔ اب وہ پارٹی لیڈر اور سابق ریاستی وزیر ارجن کھوتکر کی موجودگی میں جمعہ کو شندے کی قیادت والی شیوسینا میں شامل ہو گئے۔ پنگارکر ایک سابق شیوسینک ہیں اور پارٹی میں واپس آگئے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارجن کھوتکر نے کہا، ''انہیں جالنا اسمبلی انتخابی مہم کے سربراہ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ کھوتکر نے یہ بھی کہا کہ وہ جالنا سے اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتے ہیں، لیکن مہایوتی (شیو سینا، بی جے پی اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی اتحاد) میں سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت جاری ہے۔ یہ سیٹ کانگریس کے کیلاش گورنتیال کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے پروگراموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں تمام 288 سیٹوں پر ہوں گے، جب کہ نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ موجودہ اسمبلی کی مدت 26 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔