جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب: بی جے پی نے جاری کی 66 امیدواروں کی پہلی فہرست، چمپئی سورین کو بھی ملا ٹکٹ

جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں پر دو مرحلوں میں انتخاب کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ کے لئے 13 اور دوسرے مرحلہ کے لئے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لئے بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں 66 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس فہرست میں 11 خواتین امیدواروں کے نام بھی شامل ہیں جو اسمبلی انتخاب میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔ بی جے پی نے حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا الیکشن میں شکست کھانے والے 4 امیدواروں کو بھی اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ دیا ہے۔ یہ چاروں امیدوار سیتا سورین، سمیر اراؤں، سدرشن بھگت اور گیتا کوڑا ہیں۔ سیتا سورین کو جامتاڑا (جنرل سیٹ) سے، سمیر اراؤں کو بشن پور سے، سدرشن بھگت کو گُملا سے اور گیتا کوڑا کو جگن ناتھ کورٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

امیدواروں کی اس فہرست میں جن بڑے لیڈران کے نام شامل ہیں، ان میں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے چمپئی سورین بھی ہیں۔ انھیں سرائے کیلا سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ چمپئی کے بیٹے بابو لال سورین کو بھی ٹکٹ ملا ہے، وہ گھاٹ شیلا سے امیدوار ہوں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا کو پوٹکا اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلٰٗی رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو کو جمشید پور مشرق سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اے بی وی پی کے سابق قومی صدر اور جھار کھنڈ بی جے پی کے سابق صدر دنیش آنند گوسوامی بھی انتخابی میدان میں نظر آئیں گے۔ انھیں بہرا گوڑا اسمبلی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق آئی پی ایس ارونا اراؤں کو سیسئی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے جمعہ کو اپنی حلیف سیاسی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کا اعلان کیا تھا۔ اس فارمولے کے مطابق جھارکھنڈ میں بی جے پی 68، آل جھار کھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (اے جے ایس یو) 10، جنتا دل یونائٹیڈ 2 اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) 1 سیٹ پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

بی جے پی کی جانب سے امیدواروں کی جاری کردہ فہرست سے ایک بات واضح ہو رہی ہے کہ بی جے پی نے پھر سے پرانے اراکین اسمبلی پر ہی بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ نئے چہروں کو بھی قسمت آزمانے کا موقع ملا ہے۔ ان میں جھار کھنڈ مکتی مورچہ کو چھوڑ کر آئے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، ان کے بیٹے بابو لال سورین، سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی اور سابق مرکزی وزیر ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔


واضح ہو کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ میں بھی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے جھار کھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں پر دو مرحلوں میں انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لئے 13 اور دوسرے مرحلہ کے لئے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔