دھوکہ بازی کو نہ کبھی بھولا جائے گا نہ معاف کیا جائے گا: التجا مفتی
التجا نے کہا کہ ایک سال قبل ہم نے دیکھا کہ کس طرح ایک بڑی حکومت نے جموں و کشمیر کو مسخ کیا اور اس کو دن دھاڑے لوٹ لیا، موسم بدل جائیں گے لیکن اس دھوکہ دہی کو نہ کبھی بھولا جائے گا نہ معاف کیا جائے گا
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس دھوکہ بازی کو کبھی نہ بھولا جائے گا نہ معاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑی حکومت نے دن دھاڑے جموں وکشمیر کو مسخ کر کے لوٹ لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر میں دوسرے روز بھی کرفیو جیسی پابندیاں، ہر سو سناٹا
موصوفہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک سال پہلے ہم نے دیکھا کہ کس طرح ایک بڑی حکومت نے جموں و کشمیر کو مسخ کیا اور اس کو دن دھاڑے لوٹ لیا۔ موسم بدل جائیں گے لیکن اس دھوکہ دہی کو نہ کبھی بھولا جائے گا نہ معاف کیا جائے گا۔ مسلط کردہ طویل خاموشی جذبات کو ہمیشہ کے لئے دبا کر نہیں رکھ سکتی ہے'۔
قبل ازیں انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انتظامیہ کی طرف سے کرفیو ہٹانے کے باوصف کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ہونے کے متعلق ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'انتظامیہ کی طرف سے گزشتہ شب کرفیو ہٹانے کا حکمنامہ محض ایک دھوکہ تھا۔ جب بات اجتماعی سزا کی آتی ہے تو جموں و کشمیر انتظامیہ اور پولیس بغیر کوئی کاغذی ثبوت چھوڑے غیر اعلانیہ طور پر کرفیو نافذ کر کے لوگوں کو بند رکھنے کو یقینی بناتے ہیں'۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے پانچ اگست کا ایک سال مکمل ہونے پر ممکنہ عوامی احتجاجوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے دو روزہ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ وادی میں منگل کے روز کرفیو نافذ رہا تاہم حالات بہتر رہنے کے پیش نظر انتظامیہ نے کرفیو ہٹانے کا اعلان کیا تھا لیکن وادی میں بدھ کے روز بھی کرفیو سے بھی سخت پابندیاں عائد رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Aug 2020, 10:09 PM