ریمڈیسیور انجکشن فروخت کرنے کے نام پر ٹھگی، اداکار سمیت دو گرفتار

نوئیڈا پولیس نے ایک شارٹ فلموں کے اداکار سمیت دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے ایک فرضی ویب سائٹ بنائی اور کووڈ کے دور میں ریمڈیسیور انجیکشن فروخت کرنے کے نام پر ٹھگی کی'

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

غازی آباد: کورونا کے دور میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر جعلسازی اور دھوکہ دہی کا شکار بنایا گیا۔ موصول ہونے والی شکایت پر پولیس جانچ کر کے کارروائی کر رہی ہے۔ دریں اثنا، کچھ افراد نے اپنی شہرت اور رتبہ کا بھی فائدہ اٹھایا اور ضرورت مندوں سے ٹھگی کی۔

اسی ضمن میں نوئیڈا پولیس نے ایک شارٹ فلموں کے اداکار سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے ایک فرضی ویب سائٹ بنائی اور کورونا کے دور میں ریمڈیسیور انجکنش فروخت کرنے کے نام پر ٹھگی کی۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق غازی آباد کی رہنے والی ندھی نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ ندھی نے بتایا کہ ان کی والدہ کے علاج کے لیے انجکشن کی ضرورت تھی۔ کافی تلاش کرنے کے بعد بھی انجکشن نہ ملا تو انہوں نے ویب سائٹ پر تلاش کیا۔ وہیں ایک ویب سائٹ پر راہل سے رابطہ ہوا۔


ندھی کے بقول انہوں نے انجکشن کے لیے بینک اکاؤنٹ میں 115000 روپے ٹرانسفر کر دیئے، لیکن اس کے بعد نمبر بند کر دیا گیا۔ نوئیڈا کی سائبر کرائم پولیس نے جب معاملے کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ غازی آباد کے رہنے والے مینک کھنہ اور راج نگر کے رہنے والے یش مہتا نے یہ دھوکہ دہی انجام دی ہے۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ یش شارٹ فلموں کا اداکار ہے، جبکہ مینک کھنہ بی پی او میں کام کرتا ہے۔ کورونا کے دور میں دونوں نے بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیا تھا۔ یہ دونوں جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے انجکشن کے نام پر رقم حاصل کرتے تھے اور اس کے بعد فون بند کر لیتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔