کراچی ٹی-20 انٹرنیشنل: انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دی

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 20 اوور میں 159 رن کا ہدف دیا تھا جسے معین علی کی ٹیم نے 19.2 اوور میں حاصل کر لیا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @englandcricket
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @englandcricket
user

یو این آئی

کراچی: ایلکس ہیلز (53) کی نصف سنچری اور ہیری بروک کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو پہلے ٹی- 20 میں پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 20 اوور میں 159 رن کا ہدف دیا تھا جسے معین علی کی ٹیم نے 19.2 اوور میں حاصل کر لیا۔

تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے ہیلز نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 40 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53 رن بنائے۔ عثمان قادر نے ڈیوڈ ملان (20) اور بین ڈکٹ (21) کو آؤٹ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن بروکس اور ہیلز نے چوتھی وکٹ کی 55 رن کی شراکت کرکے انگلینڈ کو جیت دلائی۔


انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کے لیے بلایا۔ کپتان بابر اعظم اور رضوان نے پہلی وکٹ کے لیے 85 رن کی شراکت کی، تاہم بابر اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے اور 24 گیندوں پر 31 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رن بنائے۔ پاکستان نے پہلے 10 اوور میں 87 رن بنائے تھے لیکن مڈل آرڈر اس بنیاد پر کوئی بڑی عمارت نہ بنا سکا۔

حیدر علی نے 11 (13) جبکہ ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے سات گیندوں میں اتنے ہی رن بنائے۔ محمد نواز بھی چار رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، البتہ افتخار احمد نے تین چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 28 رن بنا کر ٹیم کو 20 اوور میں 158/7 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ پاکستان آخری 10 اوور میں صرف 71 رن بنا سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے چار اوورز میں 24 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل رشید نے دو اور سیم کرن اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔


159 کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے اوپنر فلپ سالٹ (10) کی وکٹ جلد ہی گنوا دی، لیکن ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے ہیلز ایک سرے پر ڈٹے رہے۔ ہیلز نے ملان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 34 رن جوڑے جبکہ ڈکٹ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 34 رن کی شراکت داری کی۔ بروک اور ہیلز کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 55 رن کی شراکت نے پاکستان کو میچ سے مکمل طور پر باہر کر دیا۔ بروکس نے 25 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 42 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میں جیت کا چوکا شامل تھا۔

پاکستان کی جانب سے قادر نے چار اوور میں 36 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہنواز دہانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ نے چار اوور میں 41 رن دیئے جب کہ وہ ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔