دہلی میں فلائی اوور پر چار اسکولی بس متصادم، افرا تفری کا ماحول، 25 بچوں سمیت 29 افراد زخمی
پولیس افسر نے بتایا کہ سلیم گڑھ فلائی اوور پر حادثہ پیش آیا ہے جس میں چار بس، ایک آٹو، ایک کار اور ایک بائک آپس میں ٹکرا گئیں، تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ سبھی چار بسوں میں 216 اسکولی طلبا سوار تھے۔
راجدھانی دہلی میں اندرا گاندھی اسٹیڈیم کے پاس پیر کے روز سلیم گڑھ فلائی اوور پر چار اسکولی بسوں سمیت کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثہ میں 25 بچوں سمیت تقریباً 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ سلیم گڑھ فلائی اوور پر ایک حادثہ کے بارے میں پی سی آر کا فون آئی پی اسٹیٹ پولیس اسٹیشن میں صبح 10.57 بجے آیا۔ اس کے بعد پولیس ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی۔ موقع پر چار بس، ایک آٹو، ایک کار اور ایک بائک حادثہ زدہ حالت میں ملیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے دوران پتہ چلا ہے کہ سبھی چار بسوں میں 216 اسکولی طلبا سوار تھے۔ اس حادثہ میں تقریباً 25 طلبا اور تین اسکولی ملازمین اور ایک دیگر شخص زخمی ہوئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پی سی آر وین نے سبھی زخمیوں کو ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ زخمیوں کا ایل این جے پی اسپتال میں ہی علاج کیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ واقعہ کی خبر ملنے کے بعد اسکولی طلبا کے سرپرستوں میں دہشت کا عالم دیکھنے کو ملا اور وہ فوراً جائے حادثہ کی طرف دوڑ پڑے۔ کچھ والدین جب جائے حادثہ پر پہنچے تب تک زخمیوں کو اسپتال بھیجا جا چکا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔