اترپردیش میں ٹرک سے ٹرین کی ٹکر، چار کی موت

دیپک کمار نے یہاں بتایا کہ ٹرین کے کچھ کوچ پٹری سے اتر گئے ہیں جس سے اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ حادثے کے سبب کم از کم 18 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں، جن میں 8 مال گاڑیاں شامل ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: اترپردیش کے شاہجہاں پور ضلع میں ایک ریلوے کراسنگ پر آج صبح ایک ٹرک سے 05012 اپ چنڈی گڑھ۔ لکھنؤ ایکسپریس ٹرین کے ٹکرا جانے سے ٹرک میں سوار چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ شمالی ریلوے کے چیف تعلقات عامہ کے افسر دیپک کمار نے یہاں بتایا کہ مراد آباد ڈویژن کے تحت بلپور ۔ میران پور کٹرا اسٹیشنوں کے درمیان 05012 اپ چنڈی گڑھ۔ لکھنٔو ایکسپریس ریلوے سمپار نمبر جی 343 اے پر ایک ٹرک سے ٹکراگئی جس سے ٹرک میں سوار چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

افسر دیپک کمار نے یہاں بتایا کہ اس حادثے میں ٹرین میں سوار تقریباً 850 مسافروں میں سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ٹکر کے بعد ٹرین کے کچھ کوچ پٹری سے اتر گئے ہیں جس سے اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ اس حادثے کے سبب کم از کم 18 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں جن میں آٹھ مال گاڑیاں شامل ہیں۔ ٹریک کو ٹریفک کے لئے کھولنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ دیپک کمار نے بتایا کہ اس حادثے کے اسباب کی جانچ کے لئے اعلی افسران کی ایک تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو کچھ دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔