سابق پرنسپل سندیپ گھوش معطل، ممتا حکومت کی بڑی کارروائی
آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو سی بی آئی نے پیر کو گرفتار کیا تھا۔ سندیپ گھوش کو مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت نے بڑی کارروائی کی ہے۔ مغربی بنگال کے محکمہ صحت نے آخر کار آر جی کار کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو معطل کر دیا ہے۔ انہیں مغربی بنگال میڈیکل کونسل سے بھی معطل کر دیا گیا ہے۔پیر کو سی بی آئی نے آر جی کار اسپتال میں مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں سندیپ گھوش سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم پر سی بی آئی اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
سندیپ گھوش اور آر جی کار ہسپتال ان دنوں تنازعات میں ہیں۔ دراصل، یہاں 9 اگست کو ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں سندیپ گھوش کا کردار مشکوک مانا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے ان سے کئی بار پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ سی بی آئی نے حال ہی میں سندیپ گھوش کا پولی گرافی ٹیسٹ بھی کرایا تھا۔
کولکتہ ریپ کیس کو لے کر مغربی بنگال میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ بی جے پی سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں مسلسل سندیپ گھوش کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ عصمت دری معاملے کے 26 دن بعد مغربی بنگال حکومت نے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو معطل کر دیا۔
سی بی آئی نے حال ہی میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ گھوش اور دیگر کے خلاف سیکشن 120 بی (مجرمانہ سازش)، آئی پی سی کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی) اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان مقدمات میں سزا کی بات کریں تو 120B میں زیادہ سے زیادہ 2 سال سے عمر قید، 420 میں زیادہ سے زیادہ 7 سال اور انسداد بدعنوانی ایکٹ میں 6 ماہ سے 5 سال تک کی سزا کا انتظام ہے۔ گھوش کے علاوہ سی بی آئی نے اس معاملے میں تین اور لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد میں بپلو سنگھا، سمن ہزارہ، افسر علی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔