سابق وزیراعظم دیو گوڑا نے کیا بنگلور تشدد میں شامل لوگوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
دیوگوڑا نے کہا کہ پولیس کو تشدد کے لیے ذمے دار اور اسے اکسانے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
بنگلور: سابق وزیراعظم و جنتا دل (سیکولر) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوگوڑا نے ریاستی حکومت سے بنگلور میں ہوئے تشدد میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایچ ڈی دیوگوڑا نے بدھ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ ’’کل شب ہوئے فسادات کا مقصد امن وامان کو خراب کرنا تھا اور اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا نے کہا کہ پولیس کو تشدد کے لیے ذمے دار اور اسے اکسانے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ’’میں ریاستی حکومت سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
اس درمیان کرناٹک کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر ڈی کے شیو کمار نے بھی پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ تشدد کے دوران تھانوں پر حملے، پتھراو اور آگ زنی کرنے والی پرتشدد بھیڑ کو پرسکون کرنے کے لیے انتباہ کے طور پر کی گئی پولیس کی گولی باری میں تین افراد کی موت ہوگئی ہے۔ کانگریس رکن اسمبلی اکھنڈ سری نواس مورتی کے ایک قریبی رشتہ دار کی جانب سے فیس بک پر ایک خاص مذہب کے تعلق سے مبینہ توہین آمیز تبصرہ کیے جانے کے بعد بنگلور میں تشدد شروع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : روسی کورونا ویکسین کا استعمال ہندوستان میں ممکن، لیکن...
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔