راجیو تیاگی کاانتقال، کانگریس نے آج اپنا ببر شیر کھو دیا، راہل گاندھی 

کانگریس کے قومی ترجمان راجیو تیاگی کا بدھ کے روز انتقال ہو گیا۔ راجیو تیاگی کی اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں غازی آباد کے یشودا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا

راجیو تیاگی
راجیو تیاگی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے قومی ترجمان راجیو تیاگی کا بدھ کے روز انتقال ہو گیا۔ راجیو تیاگی کی اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں غازی آباد کے یشودا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ تقریباً 50 برس کے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راجیو تیاگی کو شام کے وقت دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے کچھ دیر بعد ہی ان کا انتقال ہو گیا۔

کانگریس پارٹی کی طرف سے راجیو تیاگی کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا، ’’راجیو تیاگی کے اچانک انتقال سے ہم گہرے صدمہ میں ہیں۔ وہ ایک مضبوط کانگریسی اور سچے محب وطن تھے۔ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور غم کے ان لمحات میں ہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘


راجیو تیاگی کانگریس کے تیز طرار ترجمان تھے اور ٹی وی چینلوں پر ڈیبیٹ میں مؤثر طریقہ سے پارٹی کا موقف پیش کرتے تھے۔ کانگریس سمیت مختلف جماعتوں کے لیڈران اور دیگر ہستیوں کی جانب سے راجیو تیاگی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

راجیو تیاگی کے انتقال پر کانگریس کے ترجمان جے ویر شیرگل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کنبہ کا ایک رکن کھو دیا ہے۔ یہ ان کے جانے کی عمر نہیں تھی۔ بہار کانگریس کے سینئر رہنما پریم چند مشرا نے کہا، ’’میرے دوست بہترین ترجمان راجیو تیاگی کے انتقال کی خبر سے میں سکتہ میں ہوں۔ بے وقت موت کی خبر نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے راجیو تیاگی کے اچانک انتقال پر کہا ہے کہ کانگریس نے آج اپنا ببر شیر کھو دیا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ راجیو تیاگی کی کانگریس سے محبت اور جدو جہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


راجیو تیاگی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر آخری وقت تک فعال تھے۔ انہوں نے آج دوپہر 2 بجکر 41 منٹ پر ٹوئٹ کر کے کہا تھا ’’آج شام کو 5 بجے ایک چینل کی ڈیبیٹ میں شامل رہوں گا‘‘۔ بتایا جاتا ہیے کہ اسی ڈیبیٹ سے عین قبل انہیں دل کا دورہ پڑ گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Aug 2020, 8:08 PM