چنڈی گڑھ میں چھپے ہوئے ہیں ممبئی کے ’فرار‘ سابق پولیس کمشنر!
جبراً وصولی کے معاملے میں فرار چل رہے ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ چنڈی گڑھ میں چھپے ہیں، یہ جانکاری خود انھوں نے ہی دی ہے اور کہا ہے کہ وہ جلد ممبئی جا کر جانچ میں شامل ہوں گے۔
ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ چنڈی گڑھ میں ہیں۔ جلد ہی ممبئی لوٹ کر جانچ میں شامل ہوں گے۔ پرمبیر سنگھ نے یہ جانکاری خود ایک ٹی وی چینل کو دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پرمبیر سنگھ پر ممبئی اور ٹھانے میں 5 کیس درج ہیں۔ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ پرمبیر سنگھ کو سامنے آنا ہوگا۔ عدالت کی پھٹکار کے بعد ہی پرمبیر نے یہ انکشاف کیا۔ پرمبیر پر جبراً وصولی سمیت کئی الزامات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کانگریس کا کیجریوال پر دہلی کو شراب کا گڑھ بنانے کا الزام
سپریم کورٹ میں معاملے کی سماعت کے دوران پرمبیر سنگھ کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں ممبئی پولیس سے جان کا خطرہ ہے، اس لیے وہ وہاں نہیں جا سکتے۔ اس پر عدالت نے صاف کہا تھا کہ ’’جو شخص خود پولیس کمشنر رہا ہو، اسے پولیس سے ہی ڈر لگتا ہے۔‘‘
ممبئی پولیس نے اس سال جولائی مہینے میں پرمبیر سنگھ اور 5 پولیس والوں کے خلاف ایک بلڈر سے 15 کروڑ روپے رشوت مانگنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ مرین ڈرائیو تھانے میں قائم کیا گیا تھا۔ الزام تھا کہ پرمبیر سنگھ اور دیگر پولیس اہلکاروں نے ملی بھگت سے شکایت دہندہ کے ہوٹل اور بار کے خلاف کارروائی کا ڈر دکھا کر 11.92 لاکھ روپے کی وصولی کی تھی۔ اس معاملے کی جانچ کرائم برانچ کو دی گئی تھی۔ جس کے بعد ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ وارنٹ جاری ہونے کے بعد سے ہی پرمبیر سنگھ غائب ہو گئے تھے۔
اس دوران ممبئی کی ایک عدالت نے پرمبیر کو بھگوڑا مجرم قرار دینے کی اجازت دے دی تھی۔ اس کے بعد انھیں پولیس ’وانٹیڈ‘ قرار دینے کی تیاری میں تھی۔ جانکاری کے مطابق اگر پرمبیر 30 دن کے اندر سامنے نہیں آتے ہیں تو ممبئی پولیس ان کی ملکیتوں کو قرق کرنے کا عمل شروع کر سکتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔