اسپین کے جزیرہ پر آتش فشاں کا پھٹنا گزشتہ 66 دنوں سے جاری، لگاتار نکل رہا لاوا اور راکھ

جزیرہ کے تقریباً 3000 مقامی لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا حکم دیا گیا ہے، 2500 سے زائد عمارتوں کو تباہ کیا گیا ہے اور تقریباً 7000 لوگوں کو جگہ خالی کرنی پڑی ہے۔

آتش فشاں، تصویر آئی اے این ایس
آتش فشاں، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اسپین کے ’لا پالما‘ جزیرہ پر کمبرے ویئجا آتش فشاں کا پھٹنا لگاتار جاری ہے۔ ابھی تک اس کے کم ہونے کی کوئی علامت بھی دکھائی نہیں پڑ رہی ہے۔ خبر رساں ایجنسی سنہوا کی رپورٹ کے مطابق ملک کے سائنسدانوں نے بتایا کہ آتش فشاں گزشتہ 66 دنوں سے سرگرم ہے اور یہ لگاتار لاوا اور راکھ اگلنے کے ساتھ ہی زلزلہ بھی پیدا کر رہا ہے۔

اسپین کے نیشنل جیوگرافک انسٹی ٹیوٹ نے منگل کی نصف شب سے بدھ کی صبح 7.37 بجے کے درمیان 46 زلزلہ کے جھٹکے درج کیے، جن میں سب سے زوردار جھٹکا ریکٹر پیمانے پر 4.8 اور 4.7 کی تیزی کے ساتھ لگا تھا۔ پیر کو 95 زلزلے کے جھٹکے درج کیے گئے جو 17 نومبر کے بعد سب سے بڑی تعداد میں ہے اور اب تک 300 سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے درج کیے گئے ہیں۔


پیر کو آتش فشاں سے ایک چوتھائی لاوا بہتا ہوا سمندر میں پہنچ گیا اور گرم لاوا بحر اوقیانوس کے ٹھنڈے کھارے پانی سے مل گیا، جس کی وجہ سے زہریلی گیسوں کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ آتش فشاں سے نکل رہا لاوا اب جزیرہ پر تقریباً 1060 ہیکٹیر زمین پر پھیل گیا ہے، جو ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

جزیرہ پر تقریباً 3000 مقامی باشندوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 2500 سے زیادہ عماتوں کو تباہ کر دیا گیا ہے اور تقریباً 7000 لوگون کو جگہ خالی کرنی پڑی ہے۔ آتش فشاں سے لگاتار نکل رہی راکھ اور دھول کے غبار نے افسران کو جزیرہ کے ہوائی اڈے کو بند کرنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ مقامی کینری جزیرہ کے افسر بنٹر نے بتایا کہ جزیرہ سے آنے جانے والی پروازیں ہفتہ کے آخر میں رد کر دی گئیں اور حالات کا جلد ہی از سر نو جائزہ لیا جانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔