’عوام کی بات چھوڑیے، اراکین پارلیمنٹ کا گھر چھینا جا رہا ہے‘، راگھو چڈھا کا مودی حکومت پر حملہ
راگھو چڈھا نے کہا کہ وعدہ تھا 2022 تک ہر ہندوستانی کے پاس ایک بینک اکاؤنٹ، لائف انشورنس، ایکسیڈنٹ انشورنس، پنشن اور ریٹائرمنٹ پلاننگ ہوگا، فی الحال 100 میں سے محض 3 افراد کے پاس لائف انشورنس ہے۔
راجیہ سبھا رکن راگھو چڈھا نے بدھ کے روز ایوان میں مودی حکومت کے خلاف زوردار حملے کیے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2022 تک ہر شخص کے لیے مکان کا وعدہ کیا تھا، لیکن عوام کی بات تو چھوڑیے اراکین پارلیمنٹ تک کا گھر چھینا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امیر ممالک میں 20 فیصد سے زائد غریب بچے
دراصل راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا پول سے دہلی کے پنڈارا روڈ پر ٹائپ 7 کا بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا۔ بعد میں بنگلے کا الاٹمنٹ اس بنیاد پر رد کر دیا گیا تھا کہ پہلی بار کے اراکین پارلیمنٹ کو صرف ٹائپ 6 بنگلہ دیا جاتا ہے۔ حالانکہ عدالت کے ذریعہ دیے گئے اسٹے کے بعد راگھو فی الحال اپنے پہلے والے بڑے بنگلے میں ہی رہ رہے ہیں۔
راجیہ سبھا میں ملک کی معاشی حالت پر تبادلہ خیال کے دوران راگھو چڈھا نے کہا کہ آج میں حکومت کے وعدے بنام حقیقت کی فہرست لے کر آیا ہوں۔ پہلے وعدہ یہ تھا کہ ہندوستان ملک 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا۔ آج سچائی یہ ہے کہ ہم اس وعدے سے بہت دور ہیں۔ سوال یہ نہیں ہے کہ 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت ہندوستان بنے گا کہ نہیں بنے گا۔ اگر حکومت اپنی انگلی بھی نہ اٹھائے تو بھی ہندوستان 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ بنیں گے کب، 2027 میں، 2028 میں یا 2030 میں... اب تک تو یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔
راگھو چڈھا نے ایوان میں کہا کہ دوسرا وعدہ کیا گیا کہ 2022 تک ہر ہندوستانی کے پاس ایک بینک اکاؤنٹ، لائف انشورنس، ایکسیڈنٹ انشورنس، پنشن اور ریٹائرمنٹ پلاننگ سروسز ہوں گی۔ حالانکہ ابھی 100 لوگوں میں سے محض 3 افراد ہیں جن کے پاس لائف انشورنس ہے۔ راگھو نے مزید کہا کہ جن دھن یوجنا میں اکاؤنٹ تو کھلوا دیے، لیکن میں پوچھنا چاہوں گا کہ کتنے اکاؤنٹس خالی ہیں۔ تیسرا وعدہ یہ کہ کسانوں کی آمدنی 2022 تک دوگنی کر دیں گے۔ اب اس وعدے کی بات بھی نہیں کرتے۔
عآپ رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کا کہنا ہے کہ آمدنی کی بات تو چھوڑیے بلکہ کسانوں کا قرض دوگنا ہو گیا ہے۔ حکومت نے ایک وعدہ یہ بھی کیا تھا کہ 2022 تک ہر ہندوستانی کے پاس اپنا خود کا گھر ہوگا۔ حقیقت آپ جانتے ہیں کہ کتنے لوگوں کے پاس گھر ہے۔ راگھو نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ عوام کی بات تو چھوڑیے، اراکین پارلیمنٹ تک کا گھر چھینا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔