حیدر آباد: پہلی مرتبہ انسانی دل کی منتقلی کے لیے میٹرو ٹرین کا ہوا استعمال
شہر میں بڑھتے ٹریفک کے پیش نظر انسانی دل کی ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقلی کے لئے ڈاکٹرس نے حیدر آباد میٹرو ریل کی خدمات حاصل کی۔
حیدر آباد: شہر حیدرآباد میں پہلی مرتبہ حیدرآباد میٹرو نے دل کی پیوند کاری کے لئے اپنی خدمات پیش کی اور دل کو میٹرو ٹرین میں کامیابی کے ساتھ منتقل کیا گیا۔ اب تک ایک اسپتال سے انسانی اعضا کی دوسرے اسپتال بذریعہ سڑک منتقلی کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے گرین چینل فراہم کیا جاتا تھا۔ اس گرین چینل کے ذریعہ دونوں اسپتالوں کے روٹس کی دیگر تمام ٹریفک کو روک کر انسانی اعضا منتقل کرنے والی ایمبولنس کو راستہ فراہم کیا جاتا تھا اور چند ہی منٹوں میں انسانی اعضا کو ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقلی کو یقینی بنایا جاتا تھا تاہم شہر میں پہلی مرتبہ میٹرو ریل خدمات نے یہ گرین چینل فراہم کیا۔
شہر میں بڑھتے ٹریفک کے پیش نظر انسانی دل کی منتقلی کے لئے ڈاکٹرس نے حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کا تعاون حاصل کیا۔ شہر کے جوبلی ہلز کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں دل کی پیوند کاری کے آپریشن کا ڈاکٹرس نے انتظام کیا۔ ڈاکٹرگوکل کی قیادت میں یہ آپریشن انجام دیا گیا جس کے لئے دل کو یہاں لانے کے لئے پہلی مرتبہ میٹرو ریل کی خدمات سے استفادہ کا فیصلہ کیا گیا۔
اس خصوص میں قبل ازیں اسپتال کے اہلکاروں نے میٹرو ریل کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان کو تفصیلات سے واقف کروایا جس کے بعد میٹرو ریل کے حکام نے اس مقصد کے لئے میٹرو ٹرین کی خدمات کی فراہمی پر رضامندی کا اظہارکیا۔ اس طرح ایل بی نگر کے ایک پرائیویٹ اسپتال سے جوبلی ہلز کے اسپتال کو بغیر کسی رکاوٹ کے آسان انداز میں انسانی دل لایا گیا جس کے لئے میٹرو حکام کی جانب سے مناسب انتظامات کیے گئے۔ اس کے لئے ناگول سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک میٹرو خدمات نان اسٹاپ چلائی گئی۔ جوبلی ہلز چیک پوسٹ سے جوبلی ہلز میں واقع اس پرائیویٹ اسپتال تک سڑک کے ذریعہ منتقلی کے لئے گرین چینل فراہم کیا گیا اور ایمبولنس میں دل پہنچایا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ کسان کو ڈاکٹرس نے ذہنی مردہ قرار دیا تھا جس کے بعد اس کے رشتہ داروں کی کونسلنگ کی گئی اور اس کا دل دوسرے مریض کو لگانے کے لئے ان کی رضامندی حاصل کرنے کے بعد اس دل کی پیوند کاری کے انتظامات کیے گئے اور حیدرآباد میں پہلی مرتبہ اس مقصد کے لئے میٹرو خدمات سے استفادہ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔