رمضان میں حکومت کی ’کورونا ہدایات‘ پر عمل کریں: وائس چیئرمین، دہلی اردو اکادمی

اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے باشندگان دہلی کو رمضان کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر دہلی اور مرکزی حکومت کی ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: رمضان المبارک میں خاص طور سے دہلی اور مرکزی حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق زندگی گزاریں۔ ماسک ضرور پہنیں، بار بار ہاتھ دھوئیں اور سماجی فاصلہ یعنی دو گز کی دوری کا خیال رکھیں۔ رات کو جلد از جلد نماز تراویح سے فارغ ہوکر گھر پہنچیں۔ اپنی گلی اور محلوں میں بھی لوگوں میں بیداری پیدا کریں اور اپنے بچوں کو خاص طور پر ہدایت دیں کہ وہ اِدھر اُدھر پھرنے سے گریز کریں۔ ان خیالات کا اظہار یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے باشندگان دہلی کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔

حاجی تاج محمد نے مزید کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس رمضان میں بھی کورونا کا سامنا ہے۔ یہ ہماری آزمائش ہے۔ رمضان المبارک عبادتوں کا مہینہ ہے۔ اس میں ہر نماز کے بعد عموماً اور تہجد کی نماز میں خصوصاً خدا سے دعا کریں کہ وہ پوری امت مسلمہ اور ہمارے ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھے اور جلد از جلد کورونا کی وبا سے ہم سب کو نجات دے۔


اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اس وبا سے جہاں لوگ بیماریوں سے پریشان ہیں، وہیں اس کا روزگار پر نہ صرف منفی اثر پڑا ہے بلکہ متوسط اور کمزور طبقات کی کمر ہی ٹوٹ گئی ہے۔خدا ہی ہمیں ہر طرح کی آفات سے نجات دے سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ برادرانِ وطن کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں، اس لیے کہ یہ ہماری ہندوستانی تہذیب کا عظیم ورثہ ہیں۔ ان کی حفاظت بھی ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔