آسام: سلچر میں سیلاب سے سبھی قبرستان-شمشان غرقاب، حالات دگر گوں

لوگ اونچی عمارتوں میں اپنوں کی بے جان لاشوں کے ساتھ بیٹھے ہیں اور بے صبری کے ساتھ مدد کی تلاش کر رہے ہیں، کچھ لوگ قبرگاہ کی تلاش میں لاش کو کشتیوں میں رکھ کر اِدھر اُدھر بھٹکتے دیکھے گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آسام کے سلچر شہر کے باشندوں کو سیلاب کی وجہ سے لگاتار پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیلاب کی قہر سامانیاں جاری ہیں اور حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ سبھی قبرستان و شمشان گھاٹ پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ لوگ اونچی عمارتوں میں اپنوں کی بے جان لاشوں کے ساتھ بیٹھے ہیں اور بے صبری کے ساتھ مدد کی تلاش کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ قبرگاہ کی تلاش میں لاش کو کشتیوں میں رکھ کر اِدھر اُدھر بھٹکتے دیکھے گئے۔

ضلع انتظامیہ، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور فضائیہ کی مشترکہ کوششوں کے باوجود اب تک شہریوں کو خاطر خواہ راحت نہیں مل سکی ہے۔ براک ندی کی آبی سطح میں معمولی کمی کے باوجود سیلاب کی حالت جوں کی توں بنی ہوئی ہے۔ سلچر کے شہریوں کو اب بھی پینے کے پانی اور کھانے کی سخت ضرورت ہے۔ ہزاروں افراد اب بھی عمارتوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں اور ذیلی منزل پوری طرح سے غرقاب ہے۔ حالانکہ ضلع انتظامیہ راحت رسانی کی کوشش کر رہی ہے اور کھانے کے پیکٹ گرانے کی کوششیں بھی ہو رہی ہیں۔ لیکن عوام کو اس کا فائدہ نہیں مل پا رہا، کیونکہ گرانے کے لیے زمین کی کمی کے سبب پیکٹ پانی پر گرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ چھتوں پر کھانے کے پیکٹ گرانے کی کوششیں ہو رہی ہیں تو وہ اِدھر اُدھر گر جاتے ہیں اور پانی میں ڈوب جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔