دہلی: صرف ٹرمنل۔3 سے طیارہ خدمات شروع ہوں گی

تیاریوں کی معلومات سے واقف ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ شروع میں صر ف ٹرمنل۔3 کو ہی کھولا جائے گا اور تمام پروازیں وہیں سے روانہ ہوں گی، پہلے صرف گھریلو پروازیں شروع کی جائیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: لاک ڈاون کے بعد جب طیارہ خدمات شروع ہوں گی تو دہلی کے اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر شروع میں تین ٹرمنلوں میں سے صرف ایک کو ہی کھولنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ طیارہ خدمات شروع کرنے کی اجازت کب دی جائے گی، لیکن شہری ہوابازی کی وزارت، ہوائی اڈہ کی آپریٹنگ کمپنی ’ڈائل‘، طیارہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنیوں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ انفیکشن روکنے کے لئے سماجی دوری اور صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ مسافروں کی باقاعدہ خدمات کو باقاعدگی سے یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات پر بھی مسلسل غور و خوض ہو رہا ہے۔


ان تیاریوں کی معلومات سے واقف ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ شروع میں صر ف ٹرمنل۔3 کو ہی کھولا جائے گا اور تمام پروازیں وہیں سے روانہ ہوں گی۔ پہلے صرف گھریلو پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اس کے لئے بین الاقوامی ٹرمنل ٹی۔3 کا استعمال کیا جائے گا، کیونکہ وہاں زیادہ کاؤنٹر اور کافی جگہ ہے جس سے سماجی دوری قائم رکھنا آسان ہوگا۔ ٹرمنل۔3 کا کل رقبہ 54 لاکھ مربع فٹ ہے۔ یہاں 168چیک ان کاؤنٹر، بورڈنگ کے لئے 78 ایئر برج اور 14 بیگج بیلٹ ہیں۔

شروع میں چنندہ روٹوں پر ہی طیارہ خدمات شروع ہونے کی امید ہے۔ اس سے مسافروں کی آمدوفت بھی کم رہے گی۔ اس کے باوجود مسافروں کو وقت سے تین گھنٹے پہلے ہوائی اڈہ پر پہنچنے کے لئے کہا جاسکتا ہے کیونکہ سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے ٹرمنل میں داخلہ اور چیک ان، بیگج ٹیگنگ وغیرہ میں زیادہ وقت لگ جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔