دہلی میں کورونا پر قابو پانے کے لئے 5 موثر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا: کیجریوال
مرکز سے چھوٹے چھوٹے معاملات پر ٹکراؤ کرنے والے کیجریوال کا آج مودی حکومت کے لئے الگ ہی انداز نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جانچ تیزی سے بڑھوانے میں مرکزی حکومت نے بڑا تعاون کیا ہے۔
نئی دہلی: دہلی میں کورونا کی دن بدن خطرناک ہوتی صورتحال کے درمیان سنیچر کو وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس وبا سے نمٹنے میں ملے تعاون کے لئے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم انفیکشن کو کنٹرول میں لانے کے لئے پانچ نکاتی حکمت عملی پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
راجدھانی میں انفیکشن کی صورتحال پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ کورونا کے خلاف دہلی حکومت کے پانچ ہتھیار ہیں۔ اسپتالوں میں بیڈ کی تعداد بڑھانا، بڑے پیمانہ پر جانچ اور آئسولیشن کرنا، آکسی میٹر اور مریض میں آکسیجن کی سطح کا خیال رکھنا، پلازمہ تھیراپی سے علاج اور سروے اور اسکریننگ۔
مرکز سے چھوٹے چھوٹے معاملات پر ٹکراؤ کرنے والے کیجریوال کا آج مودی حکومت کے لئے الگ ہی انداز نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جانچ تیزی سے بڑھوانے میں مرکزی حکومت نے بڑا تعاون کیا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ مرکز نے ہی پہلے اینٹی زین کٹس دیں اور پھر ہاتھ پکڑ کر بتایا کہ کیسے اس کام میں تیزی لائی جائے۔
کیجریوال نے کہا کہ جون میں کورونا امید سے زیادہ تیزی سے بڑھا اس لئے شروعات میں بیڈس کی کمی ہوئی لیکن اب اس کمی کو دور کرلیا گیا ہے۔ جانچ اور آئسولیشن پر انہوں نے کہا کہ پہلے جانچ کے لئے دھکے کھانے پڑتے تھے لیکن اب صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ جون کے پہلے ہفتہ میں روز پانچ ہزار ٹیسٹ ہی ہو رہے تھے جسے اب بڑھاکر 20ہزار کردیا گیا ہے۔
تیسرا ہتھیار آکسی میٹر ہے۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ ہوم آئسولیشن والے لوگوں کو آکسی میٹر دیا جارہا ہے۔ اگر انہیں آکسیجن کی سطح کم لگتی ہے تو وہ فون کرکے مدد لے سکتے ہیں۔ چوتھا ہتھیار پلازمہ تھیراپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے سب سے پہلے دہلی میں آزمایا گیا، 29 مریضوں کو پلازمہ تھیراپی دی گئی جس کا تجربہ کامیاب رہا۔
سروے اور اسکریننگ کو کورونا کے خلاف انہوں نے آخری ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج سے دہلی میں سیرو سروے شروع ہو رہا ہے۔ بیس ہزار لوگوں کے خون کے نمونے اس میں لئے جائیں گے جن کی جانچ سے پتہ چلے گا کہ راجدھانی میں کورونا وائرس کا کتنا پھیلاؤ ہے۔ اسے سمجھنے میں اس سروے سے بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو 21 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جو دہلی میں اب تک کے سب سے زیادہ ٹیسٹ تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jun 2020, 6:11 PM