یوگی کی نئی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد، مفت راشن اسکیم میں تین ماہ کی توسیع
کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریس کانفرنس سے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے 3 ماہ تک مفت راشن اسکیم کو دوبارہ نافذ کریں گے، اس سے ریاست کے 15 کروڑ لوگوں کو فائدہ ہوگا
لکھنؤ: اترپردیش کی باگڈور سنبھالتے ہی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ حرکت میں آ گئے ہیں۔ حلف برداری کے اگلے ہی دن یعنی آج انہوں نے اپنی نئی کابینہ کا اجلاس طلب کیا۔ اس دوران یوگی کابینہ نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے کورونا کے دوران شروع کی گئی مفت راشن اسکیم میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریس کانفرنس سے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے 3 ماہ تک مفت راشن اسکیم کو دوبارہ نافذ کیا جائے گا۔ اس سے ریاست کے 15 کروڑ عوام کو فائدہ ہوگا۔ خیال رہے کہ یہ اسکیم کورونا کی وبا کے دور میں ملک بھر میں شروع کی گئی تھی اور اب ریاستی حکومت نے اپنی سطح پر اس میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران کابینہ کی میٹنگ کے بعد دونوں نائب وزرائے اعلیٰ ایک ساتھ باہر آئے۔ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ یہ فیصلہ 15 کروڑ لوگوں کی زندگیوں میں براہ راست تبدیلی لے کر آئے گا۔ وہیں، برجیش پاٹھک نے کہا کہ حکومت مسلسل غریبوں کا خیال رکھتی ہے اور کروڑوں خاندانوں کو اس کا فائدہ حاصل ہوگا۔
کابینہ کی میٹنگ سے پہلے اتر پردیش کے وزیر مملکت سندیپ سنگھ نے کہا تھا کہ آج یوگی 2.0 کی پہلی کابینہ میٹنگ ہے اور آج کی میٹنگ میں کوئی اہم فیصلہ ہونے کا امکان ہے اور اس میں وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں دوبارہ اتر پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تمام اہم لیڈران موجود رہے۔ یوگی کابینہ میں وزیر اعلیٰ اور دو نائب وزرائے اعلیٰ سمیت 53 سابق لیڈران شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔