راجہ محل کی تیاری کر رہا ہے اور عوام مہنگائی کی مار جھیل رہی ہے، راہل گاندھی کا مودی حکومت پر حملہ
راہل گاندھی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نیا محل (سینٹرل وسٹا) تعمیر کرا رہے ہیں اور بے چارے عوام مہنگائی کی مار برداشت کر رہے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر مہنگائی کے حوالہ سے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نیا محل (سینٹرل وسٹا) تعمیر کرا رہے ہیں اور بے چارے عوام مہنگائی کی مار برداشت کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’راجہ کرے محل کی تیاری، پرجا (عوام) بیچاری مہنگائی کی ماری۔‘‘
اپنے ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے مختلف خبروں کی سرخوں کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کئے ہیں۔ ان خبروں میں پٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس، ادویات وغیرہ کی قیمتوں کے بے قابو ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ایک خبر کے مطابق کرانہ خرچ میں گزشتہ 6 مہینے کے دوران 9.3 فیصد، جبکہ گزشتہ دو سالوں میں 44.97 فیصد کا اضافہ درج کیا جا چکا ہے۔ جبکہ ایک دوسری خبر کے مطابق قریب 800 ضروری دواؤں کے اپریل کے مہینے میں 10.7 فیصد تک بڑھائے جانے ہیں، جن میں پیراسیٹامول بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ روس یوکرین جنگ کے دوران بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور پانچ ریاستوں میں انتخابات ختم ہوتے ہوئے گھریلو بازار میں رسوئی گیس اور پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تو گزشتہ 5 دنوں میں چار مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے اور دونوں ایندھوں کے داموں میں اب تک 3.20 رپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ادھر، قومی راجدھانی دہلی میں سنٹرل وسٹا پراجیکٹ کے نام سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ پارلیمنٹ میں ایک بیان میں حکومت کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے اور اب تک 44 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پراجیکٹ کے اکتوبر تک پورا ہونے کی امید ہے اور توقع ہے کہ سرمائی اجلاس نئے پارلیمنٹ میں منعقد کیا جائے گا۔ اب تک حکومت نے اس پر 480 کروڑ روپے خرچ کر دیئے ہیں۔
سینٹرل وسٹا پراجیکٹ کے حوالہ سے راہل گاندھی اکثر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہیں اور اسے عوام کے پیسے کا غلط استعمال قرار دیتے ہیں۔ اسی طرح راہل گاندھی نے 10 مارچ پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد کہہ دیا تھا کہ اب حکومت پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کرنے کا سلسلہ شروع کرے گی اور عین راہل گاندھی کی پیش گوئی کے مطابق 22 مارچ سے ایندھن قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اب تک ایل پی جی گیس کے گھریلو سلنڈر، سی این جی، گھریلو پی این جی کے داموں میں اضافہ کیا جا چکا ہے اور ڈیزل اور پٹرول کے داموں میں اضافہ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔