یوپی: بیٹی سے چھیڑ خانی کی مخالفت کرنے پر والد کا قتل، پرینکا نے کہا- ’جنگل راج قائم ہے’
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اب کوئی حکومت سے حفاظت کی امید کیسے کرے؟
دیوریا: یوگی حکومت کے جنگل راج میں کس قدر لاقانونیت کا بول بالا ہے اس کی مثال دیوریا میں اس وقت منظر عام پر آئی جب ایک شخص کو محض اس لئے قتل کر دیا گیا کہ اس نے اپنی بیٹی کے ساتھ چھیڑخانی کیے جانے کے خلاف آواز اٹھائی اور اس کی شکایت فریق مخالف سے کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : ’’میں لکھنؤ کی مسجد میں بیٹھ کر ہوَن کرنا چاہتی ہوں‘‘
اکونا میں پیش آنے والے اس واقعہ میں شدید طور پر زخمی شمبھو ناتھ (تبدیل شدہ نام) کو ضلع اسپتال اور اس کے بعد گورکھپور میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں لکھنؤ پی جی آئی کے لئے ریفر کر دیا۔ اس دوران راستہ میں ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اب کوئی حکومت سے حفاظت کی امید کیسے کرے؟
پرینکا گاندھی نے اس خبر کو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں حفاظتی کا بنیادی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ مجرموں میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ دیوریا میں ایک والد کا قتل اس لئے کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ ہو رہی چھیڑ خانی کی مخالفت کی۔ اب کوئی اس حکومت سے حفاظت کی امید کیسے کرے؟ جنگل راج قائم ہے۔‘‘
ہندی روزنامہ ’امر اجالا‘ کی رپورٹ کے مطابق اکونا تھانہ علاقہ کے ایشور پورا گاؤں میں جمعرات کی شام ایک لڑکی اپنے دروازے پر بیٹھی تھی۔ گاؤں میں رشتہ داری میں آئے ہوئے ایک نوجوان نے اس کے ساتھ چھیڑخانی کی۔ لڑکی نے نوجوان کی نازیبا حرکت کی شکایت اپنے والد سے کی۔ لڑکی کے والد نوجوان کے رشتہ دار کے گھر اس کی شکایت کرنے پہنچ گئے۔
الزام ہے کہ شکایت کے ایک گھنٹہ کے بعد رات کو تقریباً 8 بجے مخالف فریق کے لوگوں نے شکایت سے ناراض ہو کر متاثرہ کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ ان لوگوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے متاثرہ لڑکی کے والد کی پٹائی کر دی۔ محلے کے لوگوں کے جمع ہونے پر پٹائی کرنے والے لوگ فرار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس معاملہ میں پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مہلوک کی بیوی کی تحریر پر پولیس نے 8 افراد کے خلاف منصوبہ بند طریقہ سے مار پیٹ کرنے، چھیڑخانی اور غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔