ممبئی ہِٹ اینڈ رَن کیس میں مفرور ملزم کے والد اور ڈرائیور حراست  میں، گرل فرینڈ سے تفتیش

پولیس کے مطابق کا مہیر شاہ چلا رہا تھا جو حادثے کے بعد سے فرار ہے۔ اس کے والد راجیش شاہ پالگھر ضلع میں ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کے عہدیدار ہیں۔ پولیس ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/ سوشل میڈیا</p></div>

تصویر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ممبئی کے ورلی علاقے میں ہِٹ اینڈ رَن کیس کے ملزم مہیر شاہ کے والد راجیش شاہ اور ڈرائیور راجرشی بداوت کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس مہیر کی گرل فرینڈ سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔ اس ہِٹ اینڈ رَن کیس میں مہیر شاہ کو مرکزی اور واحد ملزم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی تفتیش سے معلوم ہوا کہ جس بی ایم ڈبلیو گاڑی سے یہ حادثہ ہوا ہے اس کے انشورنس کی مدت ختم ہو چکی تھی اور نیا انشورنس نہیں کروایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ممبئی کے ورلی میں اتوار (7 جولائی) کی صبح تقریباً 5 بجے ہِٹ اینڈ رَن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ورلی کے کولی واڈہ میں رہنے والے ماہی گیر جوڑے پردیپ ناخواہ اور کاویری ناخواہ مچھلی خریدنے ممبئی کے سسون ڈاک گئے تھے۔ وہاں سے واپس آتے وقت ورلی میں اٹریہ مال کے سامنے ایک بی ایم ڈبلیو کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں نائر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دورانِ علاج کاویری کی کی موت ہوگئی، جب کہ پردیپ کو شدید چوٹیں آئیں۔


پولیس کے مطابق کار کو مہیر شاہ چلا رہا تھا۔ مہیر کے ساتھ والی سیٹ پر ایک اور شخص بیٹھا تھا جو اس کا ڈرائیور بتایا جاتا تھا۔ مہیر حادثے کے بعد سے فرار ہے۔ مہیر کے والد راجیش شاہ پالگھر ضلع میں ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کے عہدیدار ہیں۔ ڈی سی پی زون 3 کرشن کانت اپادھیائے نے کہا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جاری ہے۔ حادثے کے وقت کار میں دو افراد موجود تھے۔ ہم تفتیش کر رہے ہیں کہ کار کون چلا رہا تھا۔ فی الحال راجرشی بداوت اور راجیش شاہ کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس اس زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے کہ کہیں ملزم شراب کے نشے میں تو گاڑی نہیں چلا رہا تھا۔ حادثے کے بعد ملزم نے کار کو کالانگر میں لاوارث حالت میں چھوڑ دیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں بی این ایس اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات شامل کی ہیں۔

اس معاملے میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ اس معاملے میں بھی قانون کی پاسداری کی جائے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حادثہ میں ملوث شخص شیوسینا کے لیڈر کا بیٹا تھا؟ تو وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور حکومت ہر معاملے کو ایک ہی نقطہ نظر سے دیکھتی ہے۔ اس حادثے کے لیے الگ سے کوئی اصول نہیں ہوگا۔ سب کچھ قانون کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کسی کو نہیں بچائے گی۔ یہ افسوسناک حادثہ ہے، میں نے پولیس سے سخت کارروائی کرنے کے لیے کہا ہے۔


دوسری جانب شیوسینا یو بی ٹی لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والی خاتون کاویری ناخواہ کے شوہر پردیپ ناخوا سے ملاقات کی۔ انہوں نے ملزم ڈرائیور کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔ ادتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ملزم کو کسی سیاسی اثر و رسوخ کے بغیر گرفتار کیا جانا چاہیے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا حادثہ ہے۔ میں اسے کوئی سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا۔ ہم نے مجرم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ میں اس حادثے میں زخمی ہونے والے پردیپ  ناخواہ سے ملا، جنہوں نے مجھے بتایا کہ یہ کیسے ہوا۔ یہ واضح طور پر ایک ہِٹ اینڈ رَن ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ممبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سڑک کے قوانین کو توڑنے والوں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔